• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں منرل واٹر کے مزید 20 برانڈز غیر معیاری قرار

کوئٹہ(خ ن)ملک بھر میں منرل واٹر کےمزید 20 برانڈز غیر معیاری قرار دے دئیے گئے۔ پاکستان کونسل آف ریسرچ ان واٹر ریسورسز منسٹری آف واٹر اینڈ ریسورسز پاکستان کی جاری کردہ سہ ماہی رپورٹ کے مطابق پاکستان بھر کے 22 مختلف شہروں سے حاصل کردہ بوتل بند پانی کے 168 برانڈز میں سے 20 برانڈز انسانی صحت کے لئے غیر محفوظ پائے گئے۔ مذکورہ برانڈز میں سوڈیم اور پوٹاشیم کی مقررہ حد سے زائد مقدار پائی گئی جبکہ کچھ نمونوں میں حیاتیاتی جراثیم کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ غیرمحفوظ قرار دئیے گئے برانڈز میں بیسٹ نیچرل ، ایکسیلینٹ نیچرل ، کلیئر ، پینار بوٹلڈ واٹر ، نینو ، آئس ڈراپ ، پریمئیم صفا ، اوورویل ، انڈس ، منوا کشف ، بارسے ، نایاب پیور لائف ، ایکوا ون ، ایلفا پریمئیم ، آئس برگ ، ایکوا پیک ، سپ اپ ، ایور پیور ، نوبل اور آشا نامی برانڈز شامل ہیں ۔ ٹیسٹ کردہ پانی کے نمونوں میں موجود سوڈیم کی زائد مقدار بلند فشار خون کا سبب بنتی ہے جبکہ پوٹاشیم کی زیادتی گردوں کے افعال کو نقصان پہنچا سکتی ہے ۔مضر صحت اور جراثیم زدہ آلودہ پانی کی اسپتالوں کے اطراف میں فروخت مریضوں کی جان کے لئے خطرہ ہے، اسی طرح دکانوں ، ہوٹلز اینڈ ریسٹورنٹس ، پارکس اور تفریحی مقامات پر بھی زیادہ تر ناقص اور غیر رجسٹرڈ پانی کے برانڈز فروخت ہو رہے ہیں جو شہریوں بالخصوص بچوں کی صحت کیلئے خطرہ ہیں ، لہٰذا عوام مذکورہ کمپنیوں کے مضر قرار دئیے گئے بوتل بند پانی کے استعمال سے اجتناب کریں۔ غیرمعیاری قرار دئیے گئے مذکورہ تمام برانڈز کی فروخت کی بلوچستان بھر میں ممانعت ہے لہٰذا اس ضمن میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے کاروباری حضرات کو واضح طور پر تنبیہ کی گئی ہے کہ اپنے مراکز میں بیان کردہ کمپنیوں کے غیر معیاری بوتل بند پانی کی خرید و فروخت سے گریز کریں بصورت دیگر قوانین کی خلاف ورزی پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی قانونی کارروائی کی مجاز ہوگی۔
کوئٹہ سے مزید