• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ صحت نے صوبہ بھر میں ’’ہفتہ صحت‘‘ منانے کا آغاز کر دیا

لاہور ( جنرل رپورٹر )محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے صوبہ بھر میں ’’ہفتہ صحت ‘‘ منانے کا آغاز کر دیا،جو 20 سے 22 مارچ تک جاری رہے گا جس کے دوران 295 ہیلتھ فیسلیٹیز میں 4 لاکھ مریضوں میں 8 بیماریوں کی سکریننگ کی جائے گی۔ صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر جمال ناصر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجر خان میں صوبہ بھر میں منائے جانیوالے ʼپنجاب ہیلتھ ویک کا افتتاح کیا ،انہوں نے کہا کہ ʼپنجاب ہیلتھ ویک میں ہیپاٹائٹس اے، بی اور سی، ایڈز، ذیابیطس، ٹی بی، سانس کی امراض اور پی سی آر کے مفت ٹیسٹ کئے جائیں گے اور اس کے علاوہ بلامعاوضہ ویکسینیشن بھی کی جائے گی،ہیلتھ ویک کے دوران 26 ڈی ایچ کیو، 125 ٹی ایچ کیو ہسپتالوں، 108 رورل ہیلتھ سنٹرز اور 36 بنیادی مراکز صحت میں خصوصی کیمپس لگائے گے ہیں۔ لاہور کے میاں میر ہسپتال میں اسپیشل سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر عمارہ خان نے ہفتہ صحت کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل بھی انکے ہمراہ تھے۔