• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران کیخلاف توشہ خانہ اور فنڈنگ کیسوں میں وزن ہے، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے سوال ادارو ں کی طرف سے عمران خان کو آج بھی غیرمعمولی سہولت مل رہی ہے، ن لیگ کا موقف درست ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ ،شہباز شریف وزیراعظم اور نواز شریف لندن میں عدالتوں کی بدولت ہی ہیں،ن لیگ عمران خان کو ریلیف دینے کا الزام لگا کر نظام انصاف پر عدم اعتماد ظاہر کررہی ہے، عمران خان کیخلاف توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ کے کیسوں میں وزن ہے

 ارشاد بھٹی نے کہا کہ اداروں کی طرف سے عمران خان کو غیرمعمولی سہولت نہیں مل رہی ہے، عمران خان قانون کے سامنے پیش ہورہے اور عدالتوں میں جارہے ہیں، عمران خان پر 80کے قریب جعلی، من گھڑت اور مفروضوں پر مبنی مقدمات کیوں بنائے گئے ہیں، عمران خان گھر میں بیٹھا ہوتا ہے باہر اس پر مقدمہ بن جاتا ہے

حمزہ شہباز کو گھر کی بیسمنٹ میں چھٹی والے دن فری ہوم ڈیلیور انصاف ملا ،شہباز شریف وزیراعظم اور نواز شریف لندن میں عدالتوں کی بدولت ہی ہیں، ن لیگ عدلیہ کو تقسیم کرنے کیلئے دباؤ بڑھارہی ہے، ن لیگ اور پی ڈی ایم کا کوئی ایک لیڈر بتادیں جسے عدلیہ سے ریلیف نہ ملا ہو۔ ریما عمر کا کہنا تھا کہ حکومت کی نااہلی ہے اس نے عمران خان کیخلاف کئی ایسے کیس بنائے جن میں وزن نہیں ہے

عمران خان کیخلاف توشہ خانہ اور فارن فنڈنگ کے کیسوں میں وزن ہے، یہ کہنا غلط ہوگا کہ عمران خان تمام کیسوں میں قانون سے بھاگ رہے ہیں، عمران خان عدالتوں میں کیسوں کا سامنا کرنے نہیں ضمانت لینے جاتے ہیں ، عمران خان کو کچھ کیسوں میں اس طرح ریلیف دیا جاتا ہے جس سے لگتا ہے وہ کچھ اداروں کے لاڈلے ہیں، یہ تاثر ہے کہ سپریم کورٹ میں ہم خیال ججوں پر مشتمل بنچز بنائے جاتے ہیں اس پر بات کیوں نہیں ہوسکتی۔

مظہر عباس نے کہا کہ ن لیگ عمران خان کو ریلیف دینے کا الزام لگا کر نظام انصاف پر عدم اعتماد ظاہر کررہی ہے، حکومت عمران خان کے اوپر مقدمات پر مقدمات قائم کررہی ہے، ن لیگ عدالتی فیصلوں کو نہیں شخصیات پر سوال اٹھارہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید