• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ میں سالانہ امتحانات سے آٹھ ہفتے قبل محکمہ یونیورسیٹیز اینڈ بورڈز کے امتحانی مراحل کو آوٹ سورس کرنے کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والے خدشات، تحفظات اور غیر یقینی صورتحال پر آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام کراچی میں مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیا ۔ جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچرارز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر پروفیسر منور عباس نے امتحانات کے آوٹ سورس کرنے کے نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہوئے اسے وقت اور قانونی لحاظ سے نا قابل عمل قرار دیا ہے۔ مرکزی جنرل سیکرٹری سپلا پروفیسر شاہجہاں پہنور نے کہا کہ سندھ کے لاکھوں بچوں کے مستقبل کو بغیر کسی باقاعدہ تیاری کے اپنی پسند کے تجربے کی بھینٹ چڑھانے کا نوٹیفکیشن سنگین مذاق ہے۔ صدر سپلا کراچی ریجن پروفیسر کریم ناریجو نے اس فیصلے کو پریشان کن اور غیر یقینی صورتحال کا سبب قرار دیا۔ آل سندھ پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حیدرعلی نے کہا کہ جدت پسندی کے نام پر سندھ کے تعلیمی مستقبل سے کھیلنے کی کوشش نہ کی جائے اور سنجیدگی سے زمینی حقائق کے مطابق فیصلے کیے جائیں۔اجلاس میںاہم فیصلے کیے گئے جس کے مطابق کہا گیا کہیہ ایک انتہائی اہم معاملہ ہے جس کا تعلق سندھ کے دس لاکھ بچوں سے براہ راست جڑا ہوا ہے۔ زمینی حقائق سمجھے بغیر کسی فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے۔ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے سندھ بچائو تعلیم بچائو کے نام سے مشترکہ کوشش کی جائے گی۔

ملک بھر سے سے مزید