لندن (پی اے) نابینا افراد کے لئے مہم چلانے والے ایک کمپینر نے وزیراعظم پر زور دیا ہے کہ وہ برطانیہ بھر میں گائیڈ کتوں کی کمی کو دور کرنے میں مدد کریں۔ ویسٹ کلف، ایسیکس سے تعلق رکھنے والی 82 سالہ جِل ایلن کنگ نے بدھ کی شام کمیونٹی چیمپئنز منانے کے لئے ایک تقریب میں رشی سوناک سے ملاقات کی۔ انہیں اس امکان کا سامنا ہے کہ ان کا اپنا کتا جیگر جون میں اپنی عمر بڑھنے کی وجہ سے ریٹائر ہو جائے گا۔ گائیڈ ڈاگس چیرٹی نے کہا کہ گائیڈ ڈاگس میں کمی وبائی امراض کی پابندیوں کی وجہ سے ہوئی ہے۔ 2020 میں لاک ڈاؤن کا مطلب یہ تھا کہ گائیڈ ڈاگس کی افزائش پر پابندی لگا دی گئی تھی اور ریسٹوران اور دیگر عوامی مقامات کی بندش کی وجہ سے کتے کی تربیت مشکل تھی۔ مسز ایلن کنگ، جن کے پاس پچھلے 51 برسوں میں سات گائیڈ کتے رہے ہیں، نے کہا کہ وہ اپنی آزادی کھونے سے پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا جیگر اب بھی بہت فٹ اور ٹھیک تھا۔ وہ کام کرنے کے قابل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نہیں دیکھ سکتی کہ وہ اگست تک کیوں کام نہیں کر سکتا، جب وہ مجھے دوسرا کتا دے سکتے ہیں۔ ان کی رکن پارلیمنٹ ساؤتھنڈ کی اینا فرتھ نے گائیڈ ڈاگس چیرٹی سے کہا ہے کہ وہ ایک استثناء کریں اور جیگر کو چھوڑنے کے بجائے کام جاری رکھنے کی اجازت دیں۔ چیرٹی سے تعلق رکھنے والے پیٹر اوسبورن نے کہا کہ مالک کی ضروریات کے ساتھ ساتھ کتے کی صحت اور اس کے کام کرنے کی صلاحیت میں توازن رکھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے جیسے کتا بوڑھا ہوتا جاتا ہے اگرچہ وہ اب بھی صحت مند ہو سکتا ہے، ان کا رد عمل سست ہو سکتا ہے اور رہنمائی کے لئے ان کی رضامندی کم ہو سکتی ہے، جس سے کتے اور گائیڈ کتے کے مالک دونوں کے لئے متعلقہ خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ کارکن کو خسرہ کی وجہ سے بچپن میں ہی اپنی ایک آنکھ نکالنی پڑی اور گلوکوما کی وجہ سے اپنی شادی کے دن 24 سال کی عمر میں اپنی بینائی سے محروم ہو گئی۔ تب سے اس نے نابینا اور جزوی طور پر بینائی والے لوگوں کے لئے بہتر رسائی کے حقوق کے لئے مہم چلائی ہے۔ اس نے سڑک کراسنگ پر بناوٹ والے فرش کا خیال پیش کیا اور اسے معذور افراد کے لئے ان کی خدمات کے لئے او بی ای دیا گیا۔