• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

اسپیشل کھلاڑیوں کے احساس محرومی کو ختم کرنے کی ضرورت

دنیا بھر میں اسپیشل افراد پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے اور انہیں معاشرے کا اہم حصہ سمجھتے ہوئے ہر شعبہ میں بھرپور نمائندگی دی جاتی ہے۔ انہیں یہ احساس نہیں ہونے دیا جاتا کہ وہ کسی قسم کی معذوری کا شکار ہیں اور اپنا کام بہتر طور پر انجام نہیں دے سکتے۔ پاکستان بھر میں اسپیشل افراد خصوصی توجہ کےباعث ہر ہر شعبہ میں اپنا کام بہتر انجام دے رہے ہیں۔ یہ قوم کا سرمایہ ہیں لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ ہمارے ملک میں انہیں وہ مقام حاصل نہیں ہے جو ہونا چاہئے۔

پاکستان میں اسپیشل افراد کھیلوں میں بھی نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں اور عالمی مقابلوں میں بھی پاکستان کی بھرپور نمائندگی کررہے ہیں۔ ملک بھر میں یہ افراد ایتھلیٹکس، کرکٹ، ٹینس، سائیکل ریس، آرم ریسلنگ اور دیگر کھیلوں میں بھرپورحصہ لے رہے ہیں اور عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ اسپیشل افراد اب احساس محرومی کے چنگل سے باہر آکر سہولیات اور توجہ حاصل ہونے پر جوق در جوق مختلف کھیلوں میں ٹیموں کا حصہ بن رہے ہیں۔ پاکستان ہیلپ لائن ویلفیئر آرگنائزیشن اسپیشل افراد کو کھیلوں میں نمایا ں مقام دلوانےمیں اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے۔ 

این ای ڈی یونیورسٹی گراؤنڈ پروائس چانسلر سروش لودھی کی اجازت سے کرکٹ اسٹیڈیم اور واکنگ ٹریک پر اسپشل افراد کے درمیان وہیل چیئر کرکٹ میچ اور ریس کا اہتمام کیا گیا۔ ٹی ٹین کرکٹ میچ میں میرپورخاص کی ٹیم نے کراچی کو شکست دی جبکہ وہیل چیئر ریس میں فیصل نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ وہیل چیئر کرکٹ میچ کی ونر ٹیم کے لئے 70 ہزار کیش کا انعام، دوسری پوزیشن پر آنے والی ٹیم کے لئے 30 ہزار کیش کا انعام رکھا گیا جب کہ مین آف دی میچ، بیسٹ بولر، بیسٹ بیٹسمین کے لئےبھی انعامات رکھے گئے تھے۔ وہیل چیئر ریس میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے پلیئر فیصل نے 10 ہزار کیش ، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں نےبھی نقد انعامات حاصل کئے۔

ایونٹس کے مہمان خصوصی سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے وزیر ساجد جوکھیو نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرتے ہوئےکہا کہ اسپیشل افراد قوم کاقیمتی سرمایہ ہیں، دنیا بھر میں اسپیشل افراد پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ ہمارے ملک میں انہیں وہ مقام حاصل نہیں ہے جو ہونا چاہیے تھا ، پاکستان ہیلپ لائن کےچیئرمین سید قیصر محمود نے بتایا کہ ہمارے پروگرام کا بنیادی مقصد احساس محرومی کے شکار بچوں کو اسپورٹس کے ذریعہ سے پوری دنیا میں متعارف کرانا ہے۔ کھیل ہی کھیل میں ہرکھلاڑی کو کسی نہ کسی طرح سے فائدہ پہنچایا جاسکے۔ اس موقع پر ونگ کے صدر جاوید ملک ، حنا صدیقی ، سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔

اسپورٹس سے مزید
کھیل سے مزید