راولپنڈی (نیوز ایجنسیاں)پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جنرل سیکریٹری اسد عمر، اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، سپیکر کے پی اسمبلی مشتاق غنی، پی ٹی آئی رہنماؤں میاں محمود الرشید اور عبد الرحمٰن نے سپریم کورٹ میں مشترکہ درخواست دائر کی۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا انتخابات ملتوی ہونے کا فیصلہ ’غیرقانونی اور غیرآئینی‘ ہے۔ سپریم کورٹ میں دائر آئینی درخواست میں وفاق، پنجاب، خیبرپختونخوا، وزارت پارلیمانی امور، وزارت قانون اور کابینہ کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔پی ٹی آئی نے عدالت عظمیٰ سے درخواست کی ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے آئینی مینڈیٹ اور عدالت کے فیصلے سے انحراف کیا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو شیڈول کے مطابق 30 اپریل کو صوبے میں انتخابات کرانے کا حکم دیا جائے۔سپریم کورٹ میں دائر آئینی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کو خیبرپختونخوا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کیلئے تاریخ کا اعلان کرنے کی ہدایت کی جائے۔ خیال رہے کہ پی ٹی آئی نے 23 مارچ کو اعلان کیا تھا کہ پنجاب میں 30 اپریل کو ہونے والے انتخابات ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرینگے۔ سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کی درخواست تسلیم کرلی۔