• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امید ہے عدلیہ آئین کا دفاع کریگی، تحریک انصاف

لاہور( این این آئی)تحریک انصاف نے کہا ہے کہ رواں ہفتہ پاکستان کی تاریخ کے لئے ایک فیصلہ کن ثابت ہو گا، آج 1950والی عدلیہ ہے اور نہ ہی پاکستان ہے ‘ اب کوئی جسٹس منیر موومنٹ والا معاملہ نہیں ہونے والا ‘امید ہے عدلیہ آئین کا تحفظ کرتے ہوئے نظر آئے گی‘کوئی شک نہیں کیا فیصلہ آئے گا ۔ عدلیہ کو یہ پتہ ہے ساری قوم ان کے پیچھے کھڑی ہوئی ہے‘ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ مریم اورنگزیب حیران ہیں،جو بات ساری پاکستان کو نظر آتی ہے وہ آپ کو نظر نہیں آتی،ایک بات ماننی پڑتی ہے ان کے اوسان پر عمران خان سوار ہے‘ جس طرح حکومت کررہی ہے یہ ہماراجی ایس پی کا اسٹیٹس ختم اور فیٹف گرے لسٹ پر دوبارہ ڈلوائیں گے ‘رمضان کے مہینے میں پاکستان بنا تھا رمضان کے مہینے میں اس کی بہتری کا سفر شروع ہوگا اور ان شااللہ پاکستان بہتری کی طرف جائے گا۔ ان خیالات کا اظہارپی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں اسد عمر اور فواد چوہدری نے مسرت جمشید چیمہ، اعظم سواتی ودیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اسد عمر نے کہا کہ پاکستان اس وقت دورائے اور فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے ،یہ فیصلہ ہونے جارہا ہے ایک ایسا ملک ہوگا جہاں آئین جمہوریت قانون کی بالا دستی ہو گی یا پھر ایسا ملک بننے جارہاہے جو ماورائے آئین چلے گا۔اس طرح ملک چلانے کی کوشش پاکستان کی تباہی کے علاوہ کچھ نہیں ‘پاکستان تاریک رات سے گزر رہاہے ،فسطائیت عروج پر ہے‘یہ خواب بھی دیکھتے ہیں تو عمران خان ہی نظر آتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ان شا اللہ سو فیصد ملک انتخابات کی طرف جائے گا ، ایسا نہیں ہو سکتا کہ اعلیٰ عدلیہ آئین سے انحراف ہونے دے ، ہماری پٹیشن سپریم کورٹ میں دائر ہے امید ہے چیف جسٹس بنچ بنا دیں گے اورآج پیر سے ہی سماعت شروع ہو جائے گی ، کوئی شک نہیں فیصلہ کیا آنے والا ہے۔اس موقع پر فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے دو ہزار لوگوں کو گرفتار کیا گیا ‘پورا لاہور شہر کنٹینرز سے بلاک کر دیا گیااس کے باوجود لاکھوں لوگوںنے وہاں پہنچا کر فسطائی حکومت کے ہتھکنڈوں کومسترد کیا اور اس حکومت کے وزیر اعلیٰ اور کابینہ کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ مارا‘اس حکومت کے جو فسطائی ہتھکنڈے ہیں جو ظلم اور جبر دیکھ رہے ہیں اس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی ‘ حکوت نے نئی حد پار کر دی ہے کہ لاہور سے لوگوں کو اٹھا کر مسنگ پرسنز بنایا جارہا ہے ‘یہ ملک کو کیا بنا دیا گیاہے، آج عالمی برادری میں بھی پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیو ں پر شدید تشویش پائی جاتی ہے‘جس طرح یہ حکومت کر رہی ہے یہ ہمیں دوبارہ فیٹف کی لسٹ پرڈلوائیں گے، ہمارا یورپی یونین میں جی ایس پی پلس کا جو سپیشل اسٹیٹس ہے یہ وہ بھی ختم کرائیں گے۔رانا ثنا اللہ کہتے ہیں عمران خان نہیں یا ہم نہیں ہے ،آپ کیا بدمعاش ہیںیا گینگ چلا رہے ہیں،سپریم کورٹ نے آپ کو صحیح سسیلین مافیا کہا تھا‘حکمران ٹولہ پاکستان کے اندر بہت بڑے بحران کو جنم دے چکا ہے ۔آپ نے سپریم کورٹ کا ادارہ ختم کردیا ہے ، آئین کا ادارہ ختم کر دیا ہے ‘آج نہ آئین نہ ہی سپریم کورٹ ہے۔

اہم خبریں سے مزید