• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غیر رجسٹرڈ و ٹوکن ٹیکس نادہندہ گاڑیوں کیخلاف جنرل ہولڈ اپ، لاکھوں کی ریکوری

ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب محمد علی کی ہدایت پر ملتان ڈویژن کے چاروں اضلاع میں غیر رجسٹرڈ و ٹوکن ٹیکس کی نادہندہ گاڑیوں کے خلاف جنرل ہولڈ اپ کے دوران ایکسائز ٹیموں نے ملتان سمیت خانیوال، وہاڑی اور لودھراں میں ناکے لگا کر بیسیوں نادہندگان سے ای پیمنٹ کے ذریعے لاکھوں روپے کی موقع پر ہی ریکوری کرلی، تفصیل کے مطابق ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ملتان ڈویژن جام سراج احمد کی ہدایت پر سینئر ٹیکسیشن آفیسرز خالد حسین قصوری، ملک معراج، یونس گوندل، بشیر کھرل اور نفیس چوہدری کی نگرانی میں تشکیل پانے والی ٹیموں نے ملتان سمیت خانیوال، وہاڑی اور لودھراں میں ناکے لگا کر مجموعی طور پر 946 گاڑیوں کو چیک کیا جن میں سے 157 گاڑیاں ٹوکن ٹیکس کی نادہندہ جبکہ متعدد غیر رجسٹرڈ اور اوپن لیٹر کی حامل تھیں، ایکسائز حکام نے موقع پر ہی کارروائی کرتے ہوئے ڈیفالٹر وہیکلز کے مالکان سے ای پیمنٹ کے ذریعے 15 لاکھ 38 ہزار روپے کی ریکوری کرلی جب کہ متعدد غیر رجسٹرڈ و شارٹ ٹوکن ٹیکس کی حامل گاڑیوں کو تھانہ بند کرکے کاغذات تحویل میں لے کر مزید کاروائی کا آغاز کردیا ہے، ایکسائز ذرائع کے مطابق تحویل میں لی گئی نادہندہ گاڑیوں کے ذمہ ٹوکن ٹیکس کی مد میں مجموعی طور پر 28 لاکھ 8 ہزار روپے واجب الادا ہیں، جنرل ہولڈ اپ کی ٹیموں میں انسپکٹرز شبیر غوری، حسن عباس، عارف نیازی اور طاہر عباس جبکہ کانسٹیبلز عمران منظور ، راو نعمان، عطاء نیازی، محمد بلال، ملک عامر، کاشف الیاس، جنید رزاق اور راو تسلیم شامل تھے۔
ملتان سے مزید