• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یونان: یہودی عبادت گاہ پرحملے کی منصوبہ بندی، دو افراد گرفتار

ایتھنز(نیوز ڈیسک)یونان میں یہودی عبادت گاہ پر حملہ کی منصوبہ بندی کے الزام میں ایران نژاد پاکستانی نوجوانوں کو اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کی مدد سے حراست میں لے لیا گیا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یونان میں ایک عمارت پر حملے کی منصوبہ بندی کی جا رہی تھی جس کی اطلاع اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد نے دی۔ اس عمارت میں ایک یہودی عبادت گاہ اور یہودیوں کیلئے ہی مختص ایک ریسٹورنٹ تھا۔یونانی پولیس نے موساد کی مدد سے 27اور 29سالہ ایران نژاد پاکستانی نوجوانوں کو حراست میں لے کر تفتیشی عمل شروع کردیا۔ جن کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔تفتیش کاروں کو نوجوانوں کے گھر سے عمارت کے نقشے جب کہ موبائل فونز پر گفتگو اور ان کی لوکیشنز سمیت سارے شواہد مل گئے۔ ملزمان کو جمعے کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا۔اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ ایران کی جانب سے بیرون ملک اسرائیلی اور یہودی اہداف کو نشانہ بنانے کی ایک تازہ کوشش ہے جسے ملکی خفیہ ایجنسی موساد نے ناکام بنادیا۔یونانی پولیس کی ترجمان کونسٹینٹینا ڈیموگلیڈو نے بتایا کہ اس حملے کا ماسٹر مائنڈ ایک پاکستانی ہے جو یورپ سے باہر رہتا ہے۔ پولیس کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ماسٹر مائنڈ ایران میں رہتا تھا۔خیال رہے کہ یونان میں یہودیوں کی تعداد تقریباً 5 ہزار ہے اور یونانی حکومت کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کافی مستحکم ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان سیکورٹی اور فوجی معاہدے بھی ہیں۔ 

یورپ سے سے مزید