• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امارات پاکستان کی ترقی کیلئے موجودہ حکومت کی پالیسیوں کا معترف

اسلام آباد (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز / صالح ظافر) متحدہ عرب امارات نے موجودہ حکومت کی جانب سے شروع کی گئی پاکستان کی ترقی پر مبنی اقتصادی پالیسیوں کی تعریف کی اور پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کو بڑھانے اور آگے بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔تفصیلات کےمطابق وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان توانائی ، ریفائنری، پٹرولیم اور تجارت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون جاری ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کی استعداد سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے تاریخی دوستانہ اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور یو اے ای کے درمیان اقتصادی اورمالی شعبے میں تعاون سے متعلق امور کا جائزہ لیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان توانائی ، ریفائنری، پٹرولیم اور تجارت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون جاری ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کی حقیقی استعداد سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کئی شعبے ایسے ہیں جہاں دونوں ممالک تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دے سکتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے حکومت کی جانب سے پائیداراقتصادی ترقی اور نمو پر مبنی پالیسیوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہارکیا ۔ وزیر خزانہ نے یو اے ای کے سفیرکی جانب سے سرمایہ کاری کی تجاویز کا خیرمقدم کیا اورکہا کہ پاکستان کی حکومت اس ضمن میں ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔وزیر خزانہ نے سفیرکے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اورامید ظاہرکی کہ مستقل میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔
اہم خبریں سے مزید