• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق امریکی صدر اور سابق پاکستانی وزیراعظم کے دو منفرد اعزاز

اسلام آباد (فاروق اقدس/جائزہ رپورٹ) سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ منفرد اعزاز حاصل ہوا ہے کہ سیاست میں آنے کے بعد امریکہ کی تاریخ میں وہ پہلے صدر ہیں جن پر نہ صرف فرد جرم عائد ہوئی بلکہ وہ مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنیوالے پہلے امریکی صدر بن گئے ہیں  اب ان کیخلاف مقدمہ چلے گا۔

دوسری جانب  پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کو بھی سیاست میں آنے کے بعد ایک منفرد اعزاز یہ حاصل ہوچکا ہے کہ وہ پاکستان کی تاریخ کے پہلے وزیراعظم ہیں جن کیخلاف اپوزیشن کی جانب سے ایوان میں پیش کی گئی عدم اعتماد کی تحریک کامیاب ہوئی اور انہیں اقتدار سے محروم ہونا پڑا اس طرح دونوں سابق حکومتی شخصیات کے سیاسی کردار میں قدرے مشترکہ اور مماثلت کا سلسلہ جاری ہے.

 دونوں کو اقتدار سے محرومی کے بعد عدالتی کارروائیوں اور سیاسی سطح پر مشکلات کا سامنا ہے اور دونوں ہی آنیوالے انتخابات میں ایک مرتبہ پھر اپنے اپنے مناصب کے دوبارہ حصول کیلئے تمام حربے آزما رہے ہیںؕ۔

 ڈونلڈ ٹرمپ کے وکلا کو عدالت نے ایک سے زیادہ مرتبہ کہا کہ سابق صدر عدالت کے سامنے سرنڈر کریں ایسی ہی تنبیہ سپریم کورٹ کی جانب سے عمران خان کو بھی کی جاچکی ہے دونوں سابق سربراہان مقدمات اور عدالتی کاروائی کو اپنے خلاف سیاسی انتقام کا نشانہ بنائے جانے کا الزام قرار دیتے ہیں اور دنوں نے ہی اپنے گرفتار کئے جانے پر عوام کی جانب سے شدید ردعمل آنے کی دھمکی دی ہے۔

دونوں نے گرفتاری سے بچنے کیلئے جلسے اور ریلیاں شروع کر رکھی ہیں ٹرمپ کہتے ہیں کہ اگر ان پر فرد جرم عائد کی گئی توہر طرف موت اور تباہی ہوگی (فی الحال ایسی کوئی خبر سامنے نہیں آئی) دوسری جانب عمران خان کہتے ہیں کہ اگر ان کو گرفتار کیا گیا تو کراچی سے لیکر خیبر تک عوام کا سمندر باہر نکل آئیگا

 ڈونلڈ ٹرمپ نے 18 مارچ کو دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ممکنہ طور پر آئندہ چند روز میں گرفتار کر لیا جائیگا اسی طرح عمران خان بھی اپنے کارکنوں کو جذباتی اور رہنماؤں کو بیانیہ کا مواد فراہم کرنے کیلئے گرفتاری سے بچنے کیلئےنفسیاتی جنگ میں مصروف رہتے ہیں اسکے علاوہ توشہ خانہ کے تحائف میں بھی ڈونلڈ ٹرمپ اور عمران خان دونوں کو ہی بے ضابطگیوں کا سامنا ہے

تاہم عمران خان کو اس وقت درجنوں مقدمات میں عدالتوں کا سامنا ہے جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف 2016 میں ایک سابق پورن سٹار سٹورمی ڈینیئلز کو خاموش رہنے کیلئے رقم کی مبینہ ادائیگی کے مقدمے میں فرد جرم عائد کر دی گئی ہے

یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی قانون میں کسی کوخاموش رہنے کی ادائیگی قابل گرفت جرم نہیں ہے تاہم اسکو پوشیدہ رکھنا جرم کے دائرہ کار میں آتا ہے۔

اہم خبریں سے مزید