• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا میں ایک اور بڑی کمپنی کے دیوالیہ ہونیکا خدشہ، ورجن آربٹ نے تقریبا تمام ملازمین کو فارغ کر دیا

کراچی (نیوز ڈیسک) عام شہریوں کو خلا میں لیجانے کا پروگرام پیش کرنے والی نجی سیٹلائٹ لانچ کمپنی ورجن آربٹ نے اپنے تقریباً تمام ملازمین (675؍ افراد) کو ملازمت سے فارغ کر دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، اس اقدام کی وجہ ناکام مشن کے بعد فنڈز جمع کرنے میں ناکامی کو بتایا گیا ہے۔ امریکی سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن میں دائر کی گئی درخواست کے مطابق، کیلیفورنیا میں قائم ورجن آربٹ نے بتایا ہے کہ کمپنی 100؍ عہدے بھی ختم کر رہی ہے جس سے ادارے کے تقریباً تمام محکموں اور ٹیموں پر اثرات مرتب ہوں گے۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو افسر ڈین ہارٹ نے امریکی ٹی وی کو بتایا کہ بدقسمتی سے ہم مطلوبہ فنڈنگ جمع کرنے میں ناکام رہے جس کے بعد ہمارے پاس تکلیف دہ اقدام کرنے کے سوا کوئی آپشن باقی نہ رہا۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی اپنے تمام تر آپریشنز بند کر رہی ہے، فارغ کیے جانے والے تمام ملازمین کو نقد ہرجانہ اور الوداعی مراعات دی جائینگی، جبکہ ایسے افراد جن کے پاس مطلوبہ اہلیت ہو وہ گروپ کی ایک اور کمپنی ’’ورجن گیلکٹک‘‘ میں ملازمت حاصل کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ ورجن آربٹ کے اس اقدام کے بعد کمپنی کے دیوالیہ ہونے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ کمپنی جنوری میں اپنا پہلا نجی سیٹلائٹ برطانیہ سے مدار میں چھوڑنے میں ناکام ہوگئی تھی۔
اہم خبریں سے مزید