• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاوان کیلئے اغواء ہونیوالا لڑکا قتل، ملزم ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)تھانہ نصیرآبادکے علاقہ میں تاوان کے لئے اغواکئے گئے 13سالہ لڑکے کوگلاگھونٹ کرقتل کردیاگیاجب کہ اغوا کا مرکزی ملزم پولیس کی حراست میں اپنے ہی ساتھیوں کی مبینہ فائرنگ سے ہلاک ہوگیا۔افسوس ناک واقعہ تھانہ نصیرآبادکے علاقہ حبیب کالونی میں پیش آیا۔ایس ایچ اوتھانہ نصیرآبادمحمداقبال نے بتایاکہ 13سالہ مجتبیٰ نسیم جمعہ کی صبح دس بجے کرکٹ کھیلنے کے لئے گیا اورلاپتہ ہوگیا،، پولیس کو مغوی لڑکے کے والد نے گزشتہ رات اطلاع دی تھی کہ لڑکا صبح کھیلنے گیا جو واپس نہیں آیا، فون پر 10 لاکھ روپے تاوان بھی طلب کیا گیا اورمغوی کے والد محمدنسیم کے واٹس ایپ پر کال موصول ہوئی جس نے کہاکہ شہبازٹاؤن میں ایک خالی پلاٹ میں ایک شاپرمیں ڈال کر اینٹوں کے نیچے تاوان کی رقم رکھ دیں جس پرعمل کیاگیا اس دوران سادہ کپڑوں میں پولیس ملازمین نے چھپ کر نگرانی شروع کردی ۔ کچھ دیر بعد پینٹ شرٹ میں ملبوس نوجوان عقبی گلی سے آیا جس کے ہاتھ میں موبائل تھا جوپلاٹ میں مذکورہ جگہ پر اینٹوں کے پاس پہنچا اوراینٹ اٹھاکر رقم والاشاپراٹھانے لگاجسے پولیس والوں نے قابوکرلیا۔ اس نے اپنانام محمدعمر ولد غلام نبی سکنہ میرحیدرکالونی گرجاروڈپربتایاجس کے قبضہ سے دوموبائل برآمدہوئے ۔موبائل کی جانچ کرنے پر مغوی مجتبیٰ نسیم کی تصاویر اورویڈیوموجودپائی گئی۔ملزم نے پوچھ گچھ پراعتراف کیاکہ اس نے اپنے ساتھیوں علی عرف بھالو اور حبیب کی مدد سے مجتبیٰ کو اغواکرکے رسیوں سے باندھ کر حبیب کالونی مکان واقع میں رکھاہواہے ۔ محمد عمر کی نشاندہی پر مغوی کی بازیابی کے لئے حبیب کالونی میں ریڈ کیا گیا ۔ملزم نے مکان کاتالہ کھولا اوردروازے سے جوں ہی اندرداخل ہواتو مکان کے اندرسے کے اس کے دیگرمسلح ساتھیوں نے پولیس پارٹی پراندھادھند فائرنگ شروع کردی۔ ایک فائرکانسٹیبل محمدفہد کوبلٹ پروف جیکٹ پرلگا ، فائرنگ کے دوران ملزم محمد عمر زخمی ہوگیا جو بعد ازاں دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق مکان کی سرچنگ کے دوران مغوی مجتبیٰ نسیم کو اسی مکان کے مغربی کمرے کے واش روم میں مردہ اور نیم برہنہ حالت میں رسیوں سے بندھے ہواپایا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے مطابق مغوی کو اغواء کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا،ایس ایچ اونصیرآبادنے جنگ کے استفسارپربتایاکہ مجتبیٰ نویں جماعت میں زیرتعلیم تھا اس کاوالدمحمدنسیم کنسٹرکشن کاکام کرتاہے جب کہ ملزم عمران کاپڑوسی ہے اورمقتول بچے کوٹیوشن پڑھاتاتھا۔ جس مکان میں اس نے لڑکے کواغواکرکے رکھاوہ کم آبادجگہ پرواقع ہے اوروہ ملزم نے دوتین روزپہلے کرائے پرلیاتھا،پولیس ملزم کے فرارہونے والے دیگردوساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے ماررہی تھی ۔
اسلام آباد سے مزید