اسلام آباد (عاطف شیرازی) قائد اعظم یونیورسٹی کی اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (ASA) نے وفاقی حکومت کی جانب سے منظور شدہ بیل آؤٹ پیکیج کی باقی ماندہ رقم کے اجراء میں مسلسل تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق اس رقم کی عدم ادائیگی نے یونیورسٹی کو شدید مالی دباؤ سے دوچار کر دیا ہے۔اے ایس اے کے مطابق باقی ماندہ فنڈز کی عدم فراہمی کے باعث یونیورسٹی کو اپنے روزمرہ کے انتظامی اور تعلیمی امور چلانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ متعدد واجبات اور ادائیگیاں التوا کا شکار ہیں جبکہ یوٹیلٹی بلز، مرمت و دیکھ بھال اور دیگر بنیادی تعلیمی و انتظامی اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ ایسوسی ایشن نے اس امر پر زور دیا کہ قائد اعظم یونیورسٹی ملک کی ممتاز جامعات میں شمار ہوتی ہے اور اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور علمی ترقی میں اس کا کردار نہایت اہم ہے۔