• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ، نوید کیا آئے گی؟ پنجاب، خیبرپختونخوا میں الیکشن کے التوا سے متعلق کیس کی اہم سماعت آج 3 رکنی خصوصی بینچ نمبر ون کرے گا

اسلام آباد، لاہور(نمائندہ جنگ جنگ نیوز) سب کی نظریں سپریم کورٹ پر ہیں کہ آج عدالت عظمیٰ سے کیا نوید آئیگی، پنجاب، خیبرپختونخوا الیکشن کے التوا سے متعلق کیس کی اہم سماعت آج 3 رکنی خصوصی بینچ کریگا.

 بینچ پر حکومتی اتحاد اعتراض اٹھا چکا ہے،آج فل کورٹ بنانےکی استدعا کریگا، دریں اثناءسپریم کورٹ نے 31 مارچ کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے.

 سپریم کورٹ کے آرڈر میں جسٹس جمال مندوخیل کے بنچ سے الگ ہونے کے معاملے کو شامل نہیں کیا گیا جبکہ اٹارنی جنرل کی جانب سے فل کورٹ کی استدعا اور پھر فل کورٹ کی استدعا مسترد کرنے کا بھی کوئی ذکر نہیں ہے.

حکم نامے میں الیکشن کمیشن کی جانب سے عرفان قادر کا نام بطور وکیل بھی شامل نہیں کیا، مسلم لیگ ن کے وکیل اکرم شیخ اورپیپلز پارٹی کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا نام بھی آرڈر شیٹ میں موجود نہیں،مسلم لیگ (ن) کے ملک احمد خان نے کہا ہے کہ پہلے یہ نکتہ طے کیا جائے الیکشن التوا کیخلاف درخواست قابل سماعت ہے یا نہیں اور یہ عدالتی دائرہ اختیار ہے یا نہیں ہے.

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے مشاورت کیلئے پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ آج طلب کرلی ہے، وزیراعظم ارکان کو قومی اسمبلی اجلاس کی کارروائی اور سیاسی حکمت عملی پر بریفنگ دینگے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کے التوا سے متعلق ہم کیس کی سماعت آج سپریم کورٹ میں ہو گی۔

چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر پر مشتمل تین رکنی خصوصی بنچ دونوں صوبوں میں انتخابات کے التوا سے متعلق آئینی درخواست کی سماعت کریگا۔

 عدالت نے سیکرٹری دفاع اور سیکرٹری خزانہ کو طلب کر رکھا ہے۔

گزشتہ روز سپریم کورٹ نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کا 31 مارچ کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے فنانس اور سیکورٹی کی مد میں اٹھائے گئے سوالات کے بارے میں اٹارنی جنرل سے پوچھا تو انہوں نے جواب کیلئے مہلت مانگ لی۔

عدالت نے اٹارنی جنرل کی مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سیکرٹری وزارت خزانہ اور سیکرٹری دفاع کو بھی 3 اپریل کو طلب کر لیا۔

 کیس کی سماعت آج دن ساڑھے گیارہ بجے ہو گی۔

اہم خبریں سے مزید