لاڑکانہ (ٹی وی رپورٹ/بیورو رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ لارجر بنچ نہ بنا تو آئینی بحران کے باعث مارشل لا کا خطرہ ہے، عمران دور کے ناقص فیصلوں کی وجہ سے ملک کو ایک بار پھر دہشت گردی کا سامنا ہے، لارجر بنچ نہیں بنتا تو تاریخ چیف جسٹس کو یاد رکھے گی، تین جج صاحبان کو سوچنا چاہئے کہ کیا ہورہا ہے، لاڑکانہ میں میڈیا سے گفتگو میں بلاول کا کہنا تھاکہ اہم ترین قومی معاملے پر فل کورٹ نہ بننے سے آئینی بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے، خدانخواستہ ملک میں ایمرجنسی اورمارشل لا جیسی صورتحال نہ ہوجائے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پہلے بھی دہشت گردوں کو شکست دی اور اب بھی دہشتگردوں کو شکست دیں گے، پولیس اہلکاروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کی قربانی دی۔ پیپلز پارٹی نے 1973 کے آئین کی بنیاد رکھی، عدلیہ میں جو ہو رہا ہے یہ الیکشن کا سوال نہیں بلکہ عدلیہ کا ٹرائل چل رہا ہے۔