کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکریٹری جنرل جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے ملک ایک آئینی بحران سے باہر نکل چکا ہے ، سپریم کورٹ کے فیصلے کو ملک کےعوام سراہتے ہیں، اپنے جاری بیان میں سردار عبدالرحیم نےکہا کہ حالیہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی فیصلہ ہے جو آئین پاکستان کی جیت اور ملک میں جمہوریت کی بقا کی ضامن ہوگی اور اس قسم کے فیصلوں ہی سے عوام کا اداروں پر اعتماد بحال ہوگا ، انہوں نے کہا کہ جو عدلیہ کو گھر کی لونڈی بنانے کی سازشیں کررہے تھے اس فیصلے سے آئین اور قانون کے خلاف سازشیں ناکام ہوگئی ہیں اب تمام محب وطن اور جمہوری جماعتوں کو وطن عزیز کی خاطر عدالت عظمیٰ کے فیصلے کو قبول کرتے ہوئے الیکشن کی تیاری کرنی چاہئے۔