• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جی 20 اجلاس سرینگر میں بلانے پر پاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں ) پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کے دارالحکومت سری نگر میں 22 سے 24 مئی کو جی 20 ٹورازم ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد کرنے کے بھارت کے فیصلے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اپنا ایجنڈہ آگے بڑھانے کیلئے عالمی گروپ کی رکنیت کا فائدہ اُٹھا رہا ہے جبکہ حریت کانفرنس نے مطالبہ کیا ہے کہ رکن ممالک اجلاس کا بائیکاٹ کریں۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نوجوانوں کے امور پر ایک مشاورتی فورم (وائی 20) کے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر میں دو دیگر اجلاسوں کا لیہہ اور سری نگر میں شیڈول بھی اتنا ہی پریشان کن ہے۔ ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کا غیر ذمہ دارانہ اقدام اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے اور یہ بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کے تازہ ترین اقدامات کی کڑی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ان اقدامات کی شدید مذمت کرتا ہے، اس طرح کے اقدامات جموں و کشمیر کی حقیقت کو چھپا نہیں سکتے جو کہ ایک بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے جو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے موجود ہے۔
اہم خبریں سے مزید