کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ‘‘ میں میزبان علینہ فاروق نے سوال اٹھایاکہ ایران اور اسرائیل جنگ کے تناظر میں ٹرمپ کے رویے میں تبدیلی کی وجہ کیا ہے؟ جواب میں تجزیہ کار اعزاز سید، ارشاد بھٹی، محمل سرفراز اور سلیم صافی نے کہا کہ ٹرمپ کا رویہ ماضی میں پاکستان اور بھارت کے معاملے میں بھی یہی رہا۔ پہلے خاموش رہے جس سے بھارت کو حملے کا اشارہ ملا لیکن جب پاکستان نے بھرپور ردِعمل دیا تو فوراً سیز فائر کے لیے متحرک ہو گئے۔ اسرائیل اور ایران کے معاملے میں بھی اب تک یہی طرزِ عمل دکھائی دے رہا ہے۔ ایک بڑی وجہ یہ بھی ہوسکتی ہے کہ ایرانی عوام تاحال اپنی حکومت کے ساتھ متحد ہیں اور اب تک ایران کے اندر سے کوئی رجیم چینج کی آواز نہیں اٹھی حالانکہ امریکہ اور اسرائیل کو ایسی ہی امید تھی۔ ٹرمپ پر ان کے ووٹرز اور حمایتیوں کا دباؤ ہے کہ وہ امریکہ کو کسی نئی جنگ میں نہ جھونکیں۔