• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مٹھی میں ایشیا کا سب سے بڑا سولر آر او پلانٹ پانی فراہمی میں ناکام

تھرپاکر(رپورٹ / عبدالغنی بجیر)مٹھی میں ایشیاء کا سب سے بڑا قرار دیا گیا سولر آرو پلانٹ پانی کی فراہمی میں ناکام۔شہر میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا۔تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ کی جانب سے تھرپارکر کے ضلعی ہیڈکوارٹر شہر مٹھی میں سال 2015میں 93کروڑ روپے کی خطیر رقم سے لگایا گیا آر او پلانٹ بھی شہریوں کومیٹھا پانی فراہم نہ کرسکا ہے۔اس میگا آر او پلانٹ کا افتتاح سال 2015 میں اس وقت کے صدر آصف علی زرداری نے کیا تھا۔ روزانہ 20 لاکھ گیلن کی پانی فراہمی کی کئپسٹی رکھنے والے اس پلانٹ کو ایشیاء کا سب سے بڑا سولر ہائبرڈ پلانٹ قرار دیا گیا تھا۔جس سے مٹھی شہر سمیت قرب و جوار کے درجنوں دیہاتوں کو پانی فراہم کرنا تھا۔مگراس وقت اس پلانٹ سے پانی کی عدم فراہمی کے باعث مٹھی شہر کی ایک لاکھ سے زائد آبادی پینے کے میٹھے پانی کو ترس گئی ہے۔شہریوں کے مطابق پانی کی عدم فراہمی کے باعث وہ زیر زمین بورنگ کا کڑوا پانی پینے پر مجبور ہو گئے ہیں۔اسی حوالے چیف میونسپل آفیسر سعید احمد کا کہنا ہے کہ میگا آر او پلانٹ سے ہمیں روزانہ کی بنیادوں پر پانی فراہم نہیں ہو پارہا ہے۔اگر محکمہ پبلک ہیلتھ ہمارے اسٹوریج ٹینکس میں میٹھے پانی کی فراہمی کو یقینی بنائے تو شہریوں کا میٹھے پانی کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔ادھر رابطہ کرنے پر محکمہ پبلک ہیلتھ کے ایکسین فرخ خان نے جنگ کو بتایا یہ پلانٹ کافی عرصے سے خراب تھا اور اب اس کے 14میں سے 2 بورنگ کو بنوایا گیا ہے اور آزمائشی بنیادوں پر پانی نکالنے کا کام جاری ہے۔اگلے تین سے چار روز میں میونسپل انتظامیہ کو پانی کی فراہمی کی جائے گی۔
اہم خبریں سے مزید