کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ اسمبلی ، پیر کو ایوان میں اس وقت شدید کشیدگی دیکھنے میں آئی جب ایم کیو ایم پاکستان اور پیپلز پارٹی کے ارکان کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ایوان میں شور شرابا، اجلاس کا ماحول کشیدہ ہو گیا،تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی عادل عسکری نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور چیف سیکریٹری سندھ کے رشتے کو اقربا پروری قرار دیتے ہوئے سخت اعتراضات اٹھائے، جس پر پیپلز پارٹی کے مکیش چاؤلہ نے سخت ردعمل ظاہر کیا اور وزیراعلیٰ کا نام ایوان کی کارروائی سے حذف کرنے کا مطالبہ کر دیا۔عادل عسکری نے ایوان سے خطاب میں کہا کہ صوبے میں مراد علی شاہ وزیراعلیٰ ہیں اور ان کے بہنوئی چیف سیکریٹری تعینات ہیں، یہ صریحاً اقربا پروری ہے اور گڈ گورننس کے اصولوں کے خلاف ہے۔ ان کے ان بیانات پر پیپلز پارٹی کے ارکان سیخ پا ہو گئے اور ایوان میں شور شرابا شروع ہو گیا۔مکیش چاؤلہ نے عادل عسکری کی تقریر پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کا نام کارروائی سے حذف کیا جائے، ایسے بیانات غیر ضروری اور اشتعال انگیز ہیں۔