بری(خورشید حمیدنمائندہ جنگ) برطانیہ کے وزیر اعظم رشی سوناک نے گذشتہ روز اچانک بری کا دورہ کیا اور وہاں کی مصروف ترین مارکیٹ میں لوگوں کے ساتھ گھل مل گئے - وزیر اعطم کا دورہ بری مارکیٹ حیران کن تھا اور لگتا ہے کہ جیسے بری کی ٹوری پارٹی کے مقامی لیڈروں کے سوا کسی کو کوئی خبر نہ تھی کہ وزیراعظم بری آرہے ہیں - لوگوں کو وزیراعظم کوبری کی مچھلی اور گوشت مارکیٹ کے باہر موجود پا کر احساس بھی نہ ہوا کہ وزیر اعظم ان کے درمیان آچکے ہیں اور لوگ اس وقت تک اپنے دھیان شاپنگ کرتے رہے جب تک ان کی توجہ چند افراد نے اس طرف مبذول نہ کروائی -یادرہے کہ رشی سوناک نے قبل ازیں پارٹی لیڈر شپ کا الیکشن جیتنے کے بعد بھی بری مارکیٹ کا دورہ کیا تھا -تاہم جب تک بری کے لوگوں کومکمل طور پر احساس ہوتا کہ وزیراعظم رشی سوناک بری میں موجود ہیں تب تک رشی سوناک اپنا دورہ مکمل کر کے راچڈیل کو روانہ ہو چکے تھے - یہاں ایک لطیفہ بھی ہوگیا کہ وزیراعظم نے بی بی سی کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ” برنلے کی مارکیٹ دنیا کی مشہور ترین مارکیٹ ہے “- اس پر لوگ سخت کنفیوژ ہوئے کہ وزیراعظم بری اور برنلے میں فرق نہیں کرسکے - وزیر اعظم کے دورے کا مقصد بری کے ان منصوبوں کا جائزہ لینا تھا جس کے مطابق بری کونسل ایک مخصوص پراپرٹی خریدکر وہاں مارکیٹ کے نئے یونٹس بنانا چاہتی ہے -یادرہے کہ 2021ءمیں حکومت نے بیس ملین پونڈ ایک مجوزہ مارکیٹ ہال اور مارکیٹ کی کنوپی کے لئے مختص کئے تھے - گذشتہ مہینے بری کونسل نے مجوزہ مارکیٹ کنوپیوں کو ختم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا - اس منصوبے میں ان عمارات کو گرانے کافیصلہ کیا گیا تھا جو ماضی میں مارکیٹ کے دفاتر ’ پرنسس پریڈ میں ریسٹورینٹس کے ساتھ واحد بلڈنگ اورماضی میں ایڈمرل گیلبلنگ یونٹ شامل تھا۔