اسلام آباد (صالح ظافر) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) میں جدید ترین روبوٹک طریقے سے سرجری متعارف کرانے پر ڈاکٹروں اور قوم کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ خدا کے فضل سے جگر اور گردے کے علاج کیلئے کوششیں رنگ لا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی کے ایل آئی کے قیام کا مقصد عوام کو جگر اور گردے کے علاج کی بہترین سہولت فراہم کرنا ہے، پی کے ایل آئی علاج کا جدید ترین مرکز ہے اور یہ پاکستان کا ’’جان ہاپکنز انسٹی ٹیوٹ‘‘ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے صرف اپنے بھائی کی تنخواہ بڑھوانے کیلئے اس ادارے میں مداخلت نہ کی ہوتی تو یہ ادارہ مزید ترقی کر چکا ہوتا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ یہ ادارہ ملک میں جگر اور گردے کے بہترین علاج میں اہم ثابت ہوگا اور شرح اموات میں کمی لانے میں معاون ثابت ہوگا۔