کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سارا ماحول عمران خان نے زہر آلود کیا ہے، پاکستان اور فوج کے خلاف بیانات کی کبھی پی ٹی آئی نے مذمت نہیں کی۔ پروگرام کے آغاز میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ آج ڈی جی آئی ایس پی آر نے غیر معمولی اور سخت پریس کانفرنس کی ہے انہوں نے عمران خان کا نام لئے بغیر انہیں قومی سلامتی کے لئے خطرہ قرار دیا اور ایکس پر ہونے والی پوسٹ کے جواب میں انہوں نے عمران خان کے لئے ذہنی مریض جیسے سخت الفاظ استعمال کئے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے مزید کہا کہ سارا ماحول عمران خان نے زہر آلود کیا ہے اور آج جو زبان استعمال کی گئی ہے وہ صحیح استعمال کی گئی ہے کیوں کہ عمران خان کے اس رویہ کے بعد یہ قدرتی اور فطری ردِ عمل تھاجو آج دیا گیا ہے۔