کراچی (ذیشان صدیقی/ اخترعلی اختر) عالمی کلچرل فیسٹیول کے 36ویں روز ”قوالی نائٹ“، معروف قوال ایاز فرید اور ابو محمدکے ساتھ بین الاقوامی فنکاروں کی شاندار پرفارمنس، فلسطین کا تھیٹر پلے ”As If It Were a Dream“ شائقین کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ تفصیلات کے مطابق آرٹس کونسل کراچی کے زیراہتمام 39روزہ ”ورلڈ کلچرل فیسٹیول 2025“ کے 36ویں روز پانچ ورکشاپس ، ”فلم اسکریننگ“ اور فلسطین کے The Freedom Theatre کی جانب سے ”As if it were Dream“ پیش کیا گیا جبکہ قوالی نائٹ میں ایاز فرید اور ابو محمد قوال نے سماں باندھ دیا۔ فلسطینی تھیٹر ”As if it were Dream“ کے مصنف و ہدایت کار Mo’men Sa’di تھے۔ تھیٹر کی کہانی ایک فلسطینی نوجوان کی تنگ گلیوں کے درمیان کھلتی ہے، وہ گلیاں جو چیک پوسٹوں، سپاہیوں اور خوابوں کے درمیان قید ہیں لیکن ان ہی ویرانیوں کے درمیان ایک نوجوان کے دل میں اداکار بننے کا خواب پروان چڑھتا ہے جوکہ آسان نہیں، سانحات اور جدائیاں بڑھتی جاتی ہیں اور یہ درد اس وقت اپنے عروج پر پہنچتا ہے جب نوجوان ہار مان لینے اور ایک معجزاتی ضد کے درمیان جھولتا ہے، وہ جان لیتا ہے کہ تھیٹر صرف تفریح یا اداکاری کی جگہ نہیںبلکہ خود ایک مزاحمت ہے، تب اسٹیج ایک نئے محاذ میں بدل جاتا ہے، الفاظ گولیوں کا روپ لے لیتے ہیں اور اداکاری، زنجیروں اور تاریکی کے خلاف بغاوت بن جاتی ہے”گویا یہ ایک خواب ہو“ محض ایک ذاتی کہانی نہیں بلکہ اس پوری انسانیت کی جدوجہد کا آئینہ ہے جو کچلے جانے والے حالات کے خلاف لڑتی ہے۔ دوسری ورکشاپ روس کی جانب سے تھیٹر سے متعلق تھی جس میں Lidia Kopina نے جسم کی مختلف حرکات پر مبنی اداکاری کے گُر سکھائے ۔ فائن آرٹ ورکشاپ میں بارباڈوس کی مصورہ King Kesia نے آرٹ اسکول کے طلباءکو فن مصوری کے تخلیقی فن سے روشناس کرایا۔ اس موقع پر پیپلز اسکول سجاول اور مکلی کے طلباءبھی شریک تھے۔ ”فلم اسکریننگ“ میں برطانیہ کی جانب سے 3فلمیں پیش کی گئیں جن میں فلم ”HOME“، ”The frog in the well“ اور ”Spring amidst the dust“ دکھائی گئی۔ فیسٹیول کے 36ویں روز کا اختتام قوالی نائٹ پر کیاگیا جس میں ایاز فرید اور ابو محمد قوال کی شاندار پرفارمنس لوگوں کو جھومنے پر مجبور کردیا جبکہ جاپان کے Kenta Shoji، فریحہ بابا امی( الجیریا)، فاریہ چوہدری ، سلطانہ چوہدری (بنگلہ دیش) اور برکینا فاسو کے Zouratie Kone کے فنکار اور موسیقار کی معروف قوال ایاز فرید اور ابو محمدکے ساتھ مشترکہ پرفارمنس نے قوالی نائٹ کو چار چاند لگا دیئے۔