کراچی ( جنگ نیوز) پہلی نظر کی محبت نہ تو سوچنے کا وقت دیتی ہے اور نہ ہی فیصلہ کرنے کی مہلت۔ یہ تو بس چپ چاپ آنکھوں کے رستے دِل میں اُتر جاتی ہے۔ ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ “ کی نئی ڈرامہ سیریل کی کہانی بھی کچھ ایسے ہی جذبات سے بنی گئی ہے جسے ناظرین 8مئی سے ”احرامِ جنون“ کے عنوان سے پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ پر دیکھ سکیں گے۔ یہ ڈرامہ قلمکار جہانزیب قمر کی رومان پرور کہانی ہے۔ ایک اجنبی سے ہونے والی پہلی نظر کی محبت دِل کا اطمینان بنے گی یا پھر زندگی کا سب سے بڑا امتحان؟۔ رامش رضوی کی ہدایات میں یہ ڈرامہ رسم و رواج، خاندان اور حیثیتوں کے فرق کو کیا کرپائے گا نظر انداز؟۔ استاد راحت فتح علی خان کی آواز میں قمر ناشاد کی شاعری پر نوید ناشاد کا کمپوز کیا گیا گیت ڈرامہ سیریل کے ساؤنڈ ٹریک کی صورت میں کہانی کے نشیب و فراز کو بیان کررہا ہے۔ دوسری طرف ساحر علی بگا کی آواز اور کمپوزیشن کے ساتھ دوسرا گیت چاہت سے مسحور آنکھوں کو قرار دے رہا ہے۔ سیریل کے مرکزی کرداروں کی محبت کیا حیثیت اور دولت کی چکا چوند میں اندھی ہوکر لالچ، حسد اور خود غرضی کا طوفان اُٹھائے گی یا پروڈیوسرز عبداللہ کادوانی اور اسد قریشی سب کو حقیقی محبت سے کرائیں گے روشناس؟ یہ سارا احوال ناظرین اس سیریل میں ملاحظہ کریں گے۔ ڈرامے کے اہم کردار میں عمران عباس، نیلم منیر، نمرہ خان، محمود اسلم، عصمت زیدی، مائرہ خان، زینب قیوم، کنزہ بخاری، فرح ندیم اور دیگر شامل ہیں۔ ”احرامِ جنون“ ہر پیر اور منگل کی رات 8بجے ”جیو ٹی وی“ سے نشر ہوگا۔