لاہور (آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ حکومت سے مذاکرات کی کہانی ختم ہو چکی، اب صرف سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد ہو گا، مفت آٹا اسکیم میں20ارب سے کہیں زیادہ کی کرپشن ہوئی ہے،ہم مفت آٹا اسکیم میں کرپشن کی انکوائری کراکے شہباز شریف سے پائی پائی وصول کریں گے۔ چوہدری پرویز الہٰی سے سابق صوبائی وزرا میاں محمود الرشید، چوہدری محمد اکرم، عامر سلطان چیمہ، چوہدری گلزار، چوہدری مقصود سلہریا، لیاقت بھدر، منظور وڑائچ ایڈووکیٹ اور دیگر رہنمائوں نے ملاقات کی اور ملکی سیاسی صورتحال اور انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بات چیت کی۔ چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ چیف جسٹس کو گھر بھیجنے کی دھمکیاں دینے والے اس بار خود گھر جائیں گے، پوری قوم جسٹس عمر عطا بندیال کے ساتھ کھڑی ہے، وہ قوم کے ہیرو بن چکے ہیں، انہوں نے آئین پاکستان اور اپنے حلف کی پاسداری کا حق ادا کر دیا ، چیف جسٹس کے آئین کی بالادستی پر مبنی فیصلے کی گونج امریکی کانگریس میں بھی سنائی دے رہی ہے۔بریڈ شرمین سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ ہونے پر حیرت اور تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔