کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ون ڈے کی سالانہ رینکنگ جاری کر دی ۔ پاکستان نے روایتی حریف کی دوسری پوزیشن پر قبضہ کرلیا ہے۔ بھارت کی تنزلی ہوئی ہے وہ تیسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔ آسٹریلیا بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ون ڈے سیریز میں مسلسل چار فتوحات حاصل کرکے پہلی بار ایک روزہ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی تاہم پانچویں میچ نیوزی لینڈ نے جیت لیا تھا جس کے باعث قومی ٹیم تیسرے نمبر پر چلی گئی تھی۔ آسٹریلیا کے رینکنگ پوائنٹس 113سے بڑھ کر 118ہو گئے ہیں۔ نیوزی لینڈ کا چوتھا انگلینڈ کا پانچواں اورجنوبی افریقا کا چھٹا نمبر ہے بنگلہ دیش ساتویں افغانستان آٹھویں سری لنکا نویں اور ویسٹ انڈیز دسویں نمبر پر ہیں۔