اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) قومی اسمبلی اور (مجلس شوری) پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہونگے۔جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس (آج) پیر کو ہوگا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس بروز پیر صبح 10 بجے جبکہ مجلس شوری پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس سہ پہر 4 بجے ہوگا۔
قومی اسمبلی اور مجلس شوری پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا ایجنڈا جاری، قومی اسمبلی کے اجلاس کا 14نکاتی جبکہ مجلس شوری پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا 19 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا۔
پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس میں احتساب آرڈیننس میں ترمیم کا بل2023 پیش کیا جائے گا، صدر مملکت نے یہ بل دستخط کے بغیر واپس کر دیا تھا، منظوری کے بعد یہ بل دستخط نہ کئے جانے پر دس دن میں قانون بن جائیگا۔
انسانی اعضا کی پیوند کاری کا بل، الیکٹرانک کرائم کا تدارک بل 2022 منظوری کیلئے پیش ہو گا اس کے علاوہ تحدید ترمیمی بل 2022 بھی مشترکہ اجلاس میں منظور کرایا جائیگا، پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں توہین پارلیمنٹ کا قانون بھی پیش کیا جائے گا، قومی معاملات پر جاری بحث بھی ایجنڈے پر موجود ہے۔
دریں اثنا 14مئی کو پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کرانے سے متعلق سپریم کورٹ کے احکامات پرعمل نہ ہو سکا ۔
الیکشن کمیشن نے تو تیاری مکمل ہونے کا دعویٰ کیا مگر حکومت سے فنڈز نہ ملے، سیاسی جماعتیں بھی صرف پنجاب میں انتخابات پر راضی نہ ہوئیں۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کے 14 مئی کو پنجاب میں انتخابات کے حکم کے 4 اپریل کے فیصلے کیخلاف الیکشن کمیشن کی نظر ثانی کی درخواست پر سماعت آج 15مئی بروز ( پیر ) کو ہوگی۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بینچ کیس کی سماعت کریگا، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس منیب اختر 3رکنی خصوصی بینچ کا حصہ ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے 14 مئی کو انتخابات کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دائرکر رکھی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس (آج)پیر کوہوگا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور ہوگا۔ذرائع نے کہاکہ اجلاس میں سپریم کورٹ میں پنجاب انتخابات سے متعلق کیس سے متعلق غور ہوگا اور ملک میں امن و امان کی صورتحال اور عمران خان کی گرفتاری پر سپریم کورٹ کے فیصلے پر حکومتی ردعمل پر مشاورت ہوگی۔