کوئٹہ ( پ ر) زرغون ہاؤسنگ اسکیم کی 2017 میں تکمیل کے باوجود گیس کی عدم فراہمی پر زرغون ہاؤسنگ ویلفئیر ایسوسی ایشن ( زہواک )نے بلوچستان ہائیکورٹ میں کیو ڈی اے کے خلاف آ ئینی درخواست دائر کر دی ہے اور عدالت نے اسے قابل سماعت قرار دیتے ہوئے کیو ڈی اے حکام کو نوٹس جاری کر دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ گیس کی عدم فراہمی کے سبب اسکیم کے رہائشی نا مساعد حالات سے دوچار تھے خصوصاً سردی کا موسم ان کیلئے انتہائی سخت گزرتا تھا۔ ایسوسی ایشن کیو ڈی اے حکام کی توجہ اس جانب مبزول کرواتی رہی مگر کیو ڈی اے کی جانب سے ہمیشہ لیت و لعل سے کام لیا جاتا رہا۔ جس پر ایسوسی ایشن نے اسکیم کے الاٹیز کے بھر پور تعاون سے کیو ڈی اے کے خلاف کیس فائل کر دیا اور امید کی جاتی ہے کہ یہ کیس جلد سماعت کیلئے مقرر ہو گا۔ ایسوسی ایشن نے سی پی کیلئے چندہ دینے والے تمام ارکان کا شکریہ ادا کیا ہے اور کہا ہے کہ الاٹیز کے بھر پور تعاون سے اسکیم کو درپیش دیگر مسائل بھی انشاء اللہ جلد حل ہوں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ الاٹیز کے جمع کرائے گئے پیسوں کی پائی پائی کا حساب موجود ہے۔ اور ان کا پیسہ انکے ہی مشورے سے اسکیم کی بہبود کیلئے استعمال ہو گا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسکیم میں اسٹریٹ لائٹوں کی تنصیب کی کوششیں بھی جاری ہیں اور ابتدائی طور پر اسکیم کے مین روڈ پر سولر لائٹس لگائی جائینگی۔ یہ سارے کام الاٹیز کے بھر پور تعاون کے بغیر ممکن نہ تھے ۔ ایسے الاٹیز جو اب تک چندے کے نا مناسب استعمال کے خدشات رکھتے ہیں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے رابطہ کر کے اپنے خدشات دور کر سکتے ہیں۔کیونکہ یہ ایک ویلفئیر ایسوسی ایشن ہے اور اس کا بنیادی مقصد الاٹیز کے پیسوں سے انکو ہی سہولیات مہیا کرنا ہے اس لیے اجتماعی بھلائی کیلئے چندہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ بیان میں اپیل کی گئی ہے کہ اسکیم کی بھلائی کیلئے سب ہاتھ میں ہاتھ ڈال کر چلیں اور اسکیم کو اپنا گھر سمجھیں تو وہ دن دور نہیں جب ہم تمام مسائل پر قابو پا لیں گے۔