کراچی( اسٹاف رپورٹر)ایشیا کپ کے پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل پر چار ملکوں کی رضامندی کے بعد بھارت نے بھی مشروط حمایت پر غور شروع کردیا ہے۔ چار ممالک کی جانب سے خیر مقدم کئے جانے کے بعد بھارتی بورڈ مشکلات کا شکار ہے، بھارت کی خواہش ہے کہ اس کی رضامندی کے بعد پاکستانی ٹیم بھارت میں ورلڈ کپ میں شریک ہو۔ پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی چیئرمین نجم سیٹھی سے ملاقات کرنے والے اے سی سی کے نائب صدر نے جے شاہ کو تمام تر تفصیلات سے آگاہ کر دیا ہے، سری لنکا، بنگلا دیش، نیپال اور افغانستان ہائبرڈ ماڈل کے پہلے مرحلے کے لیے پاکستان آنے پر رضامند ہیں، اس صورت حال کے بعد بھارتی بورڈ کے27مئی کے خصوصی اجلاس میں غورو خوض کیاجائے گا، جے شاہ کی آئی پی ایل میں مصروفیات کے باعث ایشیا کپ اور ورلڈکپ کے معاملات التوا کا شکار ہیں، پی سی بی آئندہ ہفتے کے دوران ایشیا کپ کے حتمی فیصلے کیلئے پرامید ہے۔