مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل)بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں G20کانفرنس کے خلاف پاکستان یونٹی فورم انٹرنیشنل کے زیر اہتمام اسٹاک پورٹ روڈ لیون ذوم لائبریری کے سامنے احتجاجی ریلی منعقد کی گئی جس میں زندگی کے مختلف شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔احتجاجی مظاہرےکا آغاز تلاوتِ قرآن مجید سے کیا گیا۔ شیڈو وزیر انصاف محمد افضل خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کا آزادی مانگنا ان کا بنیادی حق ہے اوروہ انہیں ملنا چاہئے ،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم بند ہونے چاہئے۔ انسانی حقوق کی پامالی کو روکنا چاہئے۔پاکستان یونٹی فورم انٹرنیشنل کے چیئرمین ڈاکٹر حامد المشرقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر دنیاکی سب سے بڑی جیل ہے جہاں 80 لاکھ کشمیری قید ہیں ،کسی جیل میں جی 20کانفرنس کا کوئی جواز نہیں ۔ چوہدری نصر اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکومت کی سازشوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے، مقبوضہ کشمیر ایک متنازع خطہ ہے جس پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے،1 0 لاکھ بھارتی فوج کشمیریوں کا قتل انسانی حقوق کی پامالیاں کر رہی ہے ،برطانیہ نے ہمیشہ انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ممالک کا بائیکاٹ کیا ہے جب کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرادوں کے مطابق حل طلب ہے، برطانیہ سیکورٹی کونسل کا مستقل ممبر ہے، برطانیہ کو اس کانفرنس کا بائیکاٹ کرنا چاہئے۔ کشمیری رہنما چوہدری محمد بشیر رٹوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس احتجاج کا مقصد دنیا کی مقبوضہ کشمیر کے حالات پر توجہ مبذول کرانا ہے کہ بھارت انسانیت کاقاتل اور خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ ہے، مسئلہ کشمیر اگر پُرامن طور پر حل نہ ہوا تو اس کی ذمہ داری اقوام متحدہ پر ہوگی، دنیا میں میں مظلوم و محکوم کے ساتھ بے انصافیوں کی وجہ سے پہلے بھی دو عالمی جنگیں ہوچکی ہیں اور کروڑوں انسان مارے جاچکے ہیں، بھارت جس راستے پر چل رہا اس کے عزائم انتہائی خطر ناک ہیں۔تحریکِ کشمیر کے رہنما چوہدری محمد شریف نے کہا کہ ترکی اور چین نے جی 20 کانفرنس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے ،ہم چاہتے کہ برطانیہ بھی اس کانفرنس کے بائیکاٹ کا اعلان کرے۔احتجاجی مظاہرے سے دیگر کمیونٹی رہنماؤں، کونسلرز نے بھی خطاب کیا۔