پشاور (جنگ نیوز)میئرپشاور حاجی زبیر علی نے کہا ہے کہ شہداقوم کے اصل ہیرو ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت ہم پر امن اور آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں ۔ ہم آج کے دن پاک افواج اور دیگر سکیورٹی فورسز کے تمام شہداکو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک و قوم کی سلامتی کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے خود کو ہمیشہ کیلئے امر کر دیا۔گذشتہ روز انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ ہماری افواج نے جب بھی ضرورت پڑی دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور وطن عزیز کی سا لمیت کو یقینی بنایا اور دشمن پر واضح کر دیا کہ ہم کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتے ہیں میئر پشاور حاجی زبیر علی نے کہاہے کہ ہماری فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جس ہمت، فرض شناسی، حب الوطنی اور پیشہ وارانہ مہارت کا مظاہرہ کیا وہ د نیا کیلئے بھی قابل تقلید ہے ٗحکومت نے 25 مئی کو قومی سطح پر یوم تکریم شہدامنانے کا فیصلہ کیا ہے جس کا مقصد شہداکی ان لازوال قربانیوں کو یاد کرنا اور ان کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ یوم تکریم شہداکے موقع پر مئیر پشاور نے کہا کہ ہم آج کے دن پاک افواج اور دیگر سکیورٹی اداروں کے غازیوں اور جوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو دن رات عوام کے جان و املاک کے تحفظ اور امن عامہ کے لئے فرائض جانفشانی کے ساتھ ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس موقع پر اپنے شہداکے لواحقین کی ہمت و حوصلے کو بھی سلام پیش کرتے ہیں ،شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے د عا گو ہیں اور اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم ان کی قربانیوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔