پشاور(جنگ نیوز)فرنٹیئر فاؤنڈیشن کا اجلاس چیئرمین صاحبزادہ محمد حلیم کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر ڈاکٹر فخر زمان، ڈائریکٹر پراجیکٹ لائبہ فیاض اور فیلڈ اسٹاف نے شرکت کی، اس دوران ماہ رمضان میں درپیش مسائل و مشکلات کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ماہ رمضان میں افطاری کے بعد بلڈ ڈونیشن کیمپ لگائے جائیں گے، اجلاس کے دوران صاحبزادہ محمد حلیم نے افطاری کے بعد بھی ادارے میں عملہ کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ بلڈ ڈونر سنٹر آ کر خون عطیہ کرنا چاہیں تو انہیں آسانی رہے، انہوں نے کہا کہ تھیلی سیمیا فائٹرز کو ہر 15 سے 20 دن بعد انتقال خون کی ضرورت ہوتی ہے تاہم ماہ رمضان میں عطیات خون میں کمی کے باعث یہ بچے مشکلات کا شکار رہتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ خدمت خلق بھی عبادت ہے، عوام ماہ رمضان میں دیگر عبادات کے ساتھ ان بچوں کی ضروریات کو پورا کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔