پشاور(جنگ نیوز)انڈسٹریلسٹس ایسوسی ایشن پشاور (آئی اے پی) نے ڈائریکٹوریٹ آف ہائر ایجوکیشن خیبر پختونخوا کے اشتراک سے گزشتہ روز آئی اے پی کے دفتر میں ایک پراجیکٹس پریزنٹیشن تقریب کا اہتمام کیا،جس میں مختلف سرکاری کالجوں کے طلبہ نے شرکت کی اور اپنے منصوبے پیش کئے۔صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے تقریب کی صدارت کی جبکہ صدر آئی اے پی ایوب خان زکوڑی، نائب صدر فرہاد اسفندیار، سابق صدر ریاض ارشد اور سابق صدر زرک خان خٹک بھی اس موقع پر موجود تھے۔اس موقع پر مختلف سرکاری کالجوں کے طلبہ نے اپنے پراجیکٹس پیش کئے، جنہیں صنعتکاروں نے سراہا اور انہیں اپنی صنعتوں کے ذریعے کمر شلائز کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنے پر صنعتکاروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ صنعتی شعبے میں منعقد ہونے والی اس طرح کی پہلی تقریب ہے جبکہ مستقبل میں باقاعدگی سے اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ صنعتوں کو درپیش مسائل سے واقف ہیں اور ان کے حل کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔سیکرٹری محکمہ اعلیٰ تعلیم اسرار خان نے تقریب کے کامیاب انعقادپر آئی اے پی کو سراہا اور کہا کہ صوبائی حکومت صنعتکاری کیلئے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری کالجوں کے طلبہ کے پراجیکٹس کی کمرشلائزیشن کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا تاکہ ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے صوبے کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کیا جا سکے۔