• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، رہائشی کمرے میں پولیس اہلکار مردہ حالت میں پایاگیا

پشاور(کرائمرپورٹر) تھانہ فقیر آبادکی حدود دلہ زاک میںمارکیٹ کے رہائشی کمرے میں پولیس اہلکار مردہ حالت میں پایا گیا، پولیس نے مبینہ خودکشی کا شبہ ظاہر کردیا اور دفعہ 174کے تحت تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔ پولیس کے مطابق واقعہ پیر عبد اللہ مارکیٹ دلہ زاک روڈ میںپیش آیا ہے، مدعی نوید احسان ولد احسان اللہ ساکن گلوزئی نے رپورٹ کی کہ اس کا 32سالہ بھائی ولید احسان پولیس میں تھا اورتھانہ کوتوالی کی حدودمیں متنازعہ مکان میں بطورگارڈ ڈیوٹی سرانجام دے رہا تھا۔ گزشتہ روز وہ صبح گھر سے ڈیوٹی کےلئے گیاتاہم ڈیوٹی کے بعد گھر نہیںپہنچا۔انہوںنے رابطہ کیالیکن اس نے کال کا جواب نہیں دیا ۔انہوں نے بتایاکہ ولید کا پیر عبداللہ مارکیٹ میںرہائشی کمرہ ہے، وہ اسے ملنے آیا تو دروازہ بند تھا اوروہ کھڑکی توڑ کر اندر داخل ہوا تو بھائی مردہ حالت میں پڑا تھا جسے ہسپتال منتقل کیا لیکن ڈاکٹر وںنے اس کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔مدعی نے پولیس کو بتایاکہ معلوم نہیں کہ بھائی کس وجہ سے جاں بحق ہواہے۔پولیس نے نعش پوسٹمارٹم رپورٹ کیلئے منتقل کرکے مختلف پہلووں سے تفتیش شروع کردی ہے ۔
پشاور سے مزید