پشاور (خصوصی نامہ نگار)ضم اضلاع انڈر 16 گیمز آج 11 فروری کو شروع ہوں گے، وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی جمرود سپورٹس کمپلیکس میں افتتاح کریں گے ، گیمز میں کرکٹ، فٹ بال، والی بال، باسکٹ بال اور ہاکی کے مقابلوں میں ایک ہزار سے زائد کھلاڑی مدمقابل ہوں گے۔ ڈائریکٹر سپورٹس ضم اضلاع عمر ارشد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی مرتبہ ضم اضلاع کے کھلاڑیوں کے لئے انڈر 16 گیمز کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کا بنیادی مقصد نچلی سطح پر نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنا اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں مختلف کھیلوں کے ٹیلنٹ ہنٹ اور ٹیلنٹ گرومنگ پروگرامز کاانعقاد بھی کیا جائے گا، جس کے ذریعے قبائلی اضلاع کے کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو سامنے لا کر انہیں مزید بہتر انداز میں تیار کیا جائے گا۔عمر ارشد خان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی خصوصی ہدایات پرمشیر کھیل خیبرپختونخوا تاج محمد ترندکی سربراہی میں تمام ضم اضلاع میں جدید سہولیات سے آراستہ سپورٹس کمپلیکس پر کام جاری ہے، جن میں سے 6 سپورٹس کمپلیکس تقریباً مکمل ہو چکے ہیں جبکہ دو کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کیا گیا ہے، اسی طرح 39 مقامات پر مختلف کھیلوں کی سہولیات دستیاب ہیں۔انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ضم اضلاع خواتین گیمز، انٹر مدارس گیمز اور مائنارٹی گیمز کا بھی انعقاد کیا جائے گا تاکہ تمام طبقات کو مساوی بنیادوں پر کھیلوں کے مواقع فراہم کئے جا سکیں۔ڈائریکٹر سپورٹس نے بتایا کہ ضم اضلاع انڈر 16 گیمز کے پہلے مرحلے میں تمام اضلاع میں مقابلے منعقد کئے گئے اور ڈویژنل سطح پر باقاعدہ ٹرائلز کے ذریعے کھلاڑیوں کا شفاف انتخاب عمل میں لایا گیا۔