پشاور(کرائم رپورٹر) پشاور کے گنجان آباد علاقے فقیر آباد میں مسلح راہزنوں نے واردات کے دوران مزاحمت پرفائرنگ کر کے 20 سالہ نوجوان کوقتل کردیا اور فرار ہوگئے جبکہ حیات آباد فیز 6 میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے بارگین کے کاروبار سے وابستہ شخص کے گھر پر دستی بم سے حملہ کر دیاتاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔پولیس کے مطابق واقعہ فقیرآبادکے علاقہ افغان کالونی گلی نمبر 4 میں پیش آیاجہاں دو نامعلوم موٹر سائیکل سوار ر ہزنوں نے شہریوں سے اسلحہ کے زور پر موبائل فون چھینے،ملزمان ایک شہری کو لوٹنے کے بعد موٹرسائیکل پر سوار دو دیگر افراد کو لوٹ رہے تھے کہ شہریوں کے شور وشرابے پررہزنوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی،فائرنگ کی زد میں آ کر بیس سالہ ابوبکر صدیق ولد خالق شاہ شدید زخمی ہو گیا، عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ متوفی شور سن کر گھر سے باہر نکلا تھا کہ گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔جاں بحق نوجوان ضلع چارسدہ کے علاقے پڑانگ کا رہائشی تھا اور افغان کالونی میں مقیم تھا،واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے، جس میں رہزنوں کی حرکات اور طریقہ واردات واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ادھر تھانہ تاتارا پولیس کے مطابق حیات آباد فیز 6 میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے بارگین کے کاروبار سے وابستہ شخص کے گھر پر دستی بم سے حملہ کر دیاجس سے گھر کے بیرونی دروازے اور دیوار کو شدید نقصان پہنچا ۔پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار ملزمان نے شکیل ارشد نامی کار ڈیلر کے گھر پر دستی بم پھینکا اور فرار ہو گئے، دھماکے کی زور دار آواز سے علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا،واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور بم ڈسپوزل یونٹ کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے،پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔