پشاور(کرائزرپورٹر) پشاورارمڑ میں شہری کی مبینہ خودکشی کا ڈراپ سین ہوگیاجسے گھریلوتنازعہ پر مبینہ طور پر پھانسی دیکر قتل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ، پولیس نے مقتول کی بیوی ودیگر ملزموں کو گرفتار کرلیا ۔ ارمڑ پولیس کے مطابق 29جنوری کوزوجہ رفیق نے شینوگھڑی کے علاقے میں شوہر کی مبینہ خودکشی کی رپورٹ کی اور بتایاکہ شوہر نے رات کے وقت انہیں گھر کے ایک کمرے میں بچوں سمیت بندکردیا اورصحن میں نامعلوم وجوہات کی بناءپر خودکشی کی ۔پولیس کاکہناہے کہ گلے میں پھندہ ڈالنے سے اسکی موت واقع ہوئی۔تفتیش کے دوران متوفی رفیق کے والد شکیل خان سکنہ ورسک ڈیم نے دعویداری کی کہ اس کے بیٹے کو منصوبہ بندی کے تحت پھانسی دیکر قتل کیا گیا۔مدعی نے دفعہ 161کے تحت بیان ریکارڈ کیا جس کے بعدمقتول کی بیوی، سعید خان اور نہارکے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا ۔ورثاءکے مطابق مقتول رفیق کے زمین فروخت کرنے کی رقم 3یا ساڑھے لاکھ روپے بھی غائب ہیں جبکہ اس کے بہنوئی نے ڈرامہ رچایا کہ نامعلوم افراد نے دیوار میں سوراخ کرکے رقم چوری کرلی تھی۔رقم واپس مانگنے پر تنازعہ پیدا ہوا۔ ملزموں کی جسمانی ریمانڈ حاصل کرلی گئی۔ مقتول دویا تین ماہ قبل والدین سے علیحدہ سسر کے گھر رہنے لگا۔ورثاءکے مطابق رفیق کو سمجھانے کے باوجود وہ گھر چھوڑ گیااور ارمڑ منتقل ہوا۔ اس کے 6بچے جن میں 4بیٹیاں اور 2بیٹے شامل ہیں اور وہ چپس کے کارخانے کے ساتھ سوزوکی ڈرائیور تھا ۔انہوں نے الزام لگایاکہ ملزمان واقعہ کے بعد نعش خاموشی سے دفنا رہے تھے تاہم اطلاع ملنے پر وہ عین موقع پر پہنچے ۔پولیس کاکہناہے کہ ملزموں نے بتایاکہ رفیق کوئی کام کاج نہیں کرتا تھاتاہم پولیس نے ملزموں سے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔