• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر، انکی تکریم نہیں بھول سکتے، بلوچستان شہدا فورم

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان شہدا فورم ، حکومتی نمائندوں ، سول سائٹی اور طلباء و طالبات نے یوم تکریم شہدا پاکستان کی مناسبت سے جمعرات کو ائیرپورٹ روڈ سے ریلی نکالی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئے اسمبلی چوک پر پہنچ کر مظاہرے میں تبدیل ہوگئی ، مظاہرے سے وزیراعلیٰ بلوچستان کے کورآرڈینیٹر نوابزادہ جمال رئیسانی ، وزیراعلیٰ بلوچستان کے ترجمان بابر یوسفزئی ، وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر موسیٰ جان اچکزئی ، امر الدین آغا سمیت دیگر نے خطاب کیا ۔ بلوچستان شہدا فورم کے سربراہ نوابزادہ جمال رئیسانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک بھر میں شہدا سے اظہار یکجہتی اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے قوم ریلیاں نکال رہی ہے، شہدا نے اپنی جانوں کی پرواہ کیےبغیر ملک اور قوم کیلئے اپنا لہو پیش کرکے اسکی حفاظت کو یقینی بنایا ،شہداکا خون رائیگاں نہیں جانے دینگے ۔ 25 مئی یوم تکریم شہدا پاکستان ایک تاریخ ساز دن ہے یہ پاکستان کی بقا و سلامتی کا دن ہے، ہمارے بزرگوں نے جن مشکلات سے یہ ملک حاصل کیا اور کئی نسلوں نے قربانیاں دے کر اس ملک کو آگئے بڑھایا اور جس طرح اس کی حفاظت کی اس کی مثال نہیں ملتی ، پاکستان کی بقا کیلئے جہاں سیکورٹی اداروں نے قربانیاں دی ہیں ، وہاں عام شہریوں نے بھی قربانیاں دی ہیں ہر گھر سے دہشت گردی کے باعث جنازے اٹھے ہیں ، شہدا کی بے لوث قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے بلوچستان شہدا فورم کے تحت امن ریلی نکالی گئی ہے جس کا مقصد دہشت گردی اور پر تشدد واقعات میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے ۔ اس موقع پر دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج اور دیگر سیکورٹی فورسز کے جوانوں نے خون کا نذرانہ پیش کرکے وطن عزیز اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا ، شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ، ہم شہدا کی تکریم کسی صورت نہیں بھول سکتے ۔
کوئٹہ سے مزید