• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گندم ریٹ 5600 سے گر کر 4300 روپے فی چالیس کلوگرام ہوگئے

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) پنجاب‘ خیبر پختونخوا اور دوسرے علاقوں میں گندم کی نئی فصل آنے سے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں تیز رفتاری سے کمی آنا شروع ہو گئی ہے۔ گزشتہ ماہ 56سو روپے فی چالیس کلو گرام گندم کے جو ریٹ آل ٹائم ریکارڈ ہو گئے تھے ان میں بتدریج کمی ہو رہی ہے۔ ہفتہ 27مئی کو چالیس کلو گرام گندم کی قیمت 4ہزار تین سو روپے فی چالیس کلو گرام تک آ گئی ہے۔ اسکے نتیجے میں فلور ملز مالکان نے پندرہ کلو پرائیویٹ آٹے کے ریٹ 22سو روپے سے کم ہو کر 27مئی کو ساڑھے اٹھارہ سو سے ساڑھے انیس سو روپے تک آ گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ حکومت پنجاب نے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن پنجاب برانچ کے چیئرمین چوہدری افتخار احمد مٹو کی تجویز پر گندم کی بین الاضلاعی نقل و حمل پر پابندیاں ختم کر دی ہیں جبکہ آٹے‘ میدے‘ فائن‘ سوجی بھی ایک ضلع سے دوسرے ضلع میں لے جانے کیلئے پرمٹ کا اجراء کر دیا ہے۔ اس پرمٹ پر پنجاب کے دوسرے اضلاع سے شمالی پنجاب میں آٹا‘ گندم‘ فائن‘ میدہ آنا شروع ہو گیا ہے۔ 11مئی سے پہلے راولپنڈی اسلام آباد کی فلور ملوں میں 20کلو آٹا تھیلے کا ریٹ 33سو روپے ہو گیا تھا‘ 27مئی ہفتہ کے روز پنجاب کے دوسرے شہروں سے شمالی پنجاب آنے والے آٹے کی وجہ سے مقامی فلور ملوں نے یہ ریٹ کم کر کے 25سو روپے فی بیس کلو تھیلا کر دیا ہے۔
ملک بھر سے سے مزید