میڈرڈ(نیوزڈیسک) اسپین کے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے مقامی اور علاقائی انتخابات میں اپنی جماعت کی شکست کے بعد پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کنگ فلپ سے قبل از وقت انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپین کے وزیراعظم نے ٹیلی وژن پر قوم سے خطاب میں بتایا کہ پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کے فیصلے سے ملک کے بادشاہ فلپ ششم کو آگاہ کردیا ہے۔ وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے کنگ فلپ سے درخواست کی ہے کہ پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کے ان کے فیصلے کی توثیق کرتے ہوئے 23جولائی کو نئے انتخابات کرا دیں۔ اسپین کے وزیراعظم نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ کی تحلیل کا فیصلہ گزشتہ روز ہونے والے انتخابات میں اپنی جماعت کی شکست کے بعد کیا ہے۔خیال رہے کہ مقامی انتخابات کے بعد صوبائی الیکشن میں بھی قدامت پسند پیپلز پارٹی اور انتہائی دائیں بازو کی پارٹی ووکس نے حکمراں جماعت کو شکست سے دوچار کیا ہے۔اس سے قبل اسپین کے وزیراعظم نے رواں برس دسمبر میں الیکشن ہونے کی تجویز دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس دوران وہ اپنی ٹیم کو مکمل کریں گے تاہم مقامی الیکشن نے ان کو حکمت عملی بدلنے پر مجبور کردیا۔