• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہنگاموں میں ملوث پی ٹی آئی کا کوئی اہم رہنماء تاحال گرفتار نہ ہوسکا

راولپنڈی (وسیم اختر،سٹاف رپورٹر) راولپنڈی پولیس 9مئی اوراس کے بعد ہونے والے ہنگاموں میں ملوث پی ٹی آئی کے کسی اہم راہ نما کوتاحال گرفتارنہیں کرسکی ،سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری پرہونے والے ہنگاموں میں راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں 18ایف آئی آرزدرج کی گئی تھیں جن میں دیگرملزموں کے علاوہ پی ٹی آئی راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے سابق ارکان اسمبلی شیخ راشد شفیق، راجہ بشارت، حاجی امجد، عمر تنویر بٹ، اعجاز خان جازی ،راجہ راشدحفیظ ،عارف عباسی ، ملک تیمور مسعود، عمار صدیق خان نامزدتھے لیکن ان میں سے تاحال کسی ملزم کوگرفتارنہیں کیاجاسکا،جب کہ ان کے علاوہ ایف آئی آرزمیں نامزدپی ٹی آئی کے مقامی عہدیداروں زیاد کیانی ،راجہ نویدمحفوظ ،راجہ ناصرمحفوظ ،خالدخان جدون ،بلال مسکین ،جہانگیر میں سے بھی کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ۔ پولیس ذرائع کاکہناہے کہ سابق ارکان اسمبلی روپوش ہوچکے ہیں ان کی گرفتاری کے لئے کوششیں جاری ہیں۔ بعض ملزموں کے بارے بتایاجاتاہے کہ وہ گلگت بلتستان میں ہیں جہاں اس وقت پی ٹی آئی کی حکومت ہے۔ ادھر پولیس کے مطابق اب تک جی ایچ کیوگیٹ ،حساس مقامات پرحملو ں اوردیگرواقعات میں ملوث 356ملزم گرفتار ہو چکے ہیں ۔تھانہ آراے بازارمیں درج جی ایچ کیوگیٹ حملہ کیس میں 105ملزموں کی گرفتاریاں تو ہوئی ہیں لیکن اوران میں سے صرف 23ملزموں کی شناخت پریڈ مکمل ہو سکی ہے ۔ ذرائع کاکہناہے اس اہم کیس میں پکڑے گئے دیگرملزموں کی شناخت میں پولیس کودقت کاسامنا ہے، ویڈیوز اورموقع کی تصاویرکے ذریعے ان کی شناخت نہیں ہورہی ۔
اسلام آباد سے مزید