نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارت نے 2یا دو سے زائد ڈرگز پر مشتمل 14مختلف ادویات کو صحت عامہ کےلئے مضر قرار دیتے ہوئے ان کی فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کردی ہے، ایسی ادویات کے مرض کیخلاف زیادہ کار آمد ہونے کے شواہد بھی کم ہی ملے ہیں۔ یہ کارروائی ماہرین کے پینل کی سفارش پر کی گئی ہے۔ دو یا دو سے زائد ڈرگز پر مشتمل ادویات کو ایف ڈی سی کہا جاتا ہے۔ انڈین حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق ایف ڈی سی ادویات کے مرض کیخلاف کار آمد ہونےکے کوئی جواز نہیں ملا جبکہ یہ انسانوں کیلئے خطرناک بھی ہوسکتی ہیں۔ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ عوام کے مفاد میں یہ لازمی ہے کہ ایسی ادویات کےبنانے ، انہیں فروخت کرنے اور تقسیم کرنے پر پابندی عائد کی جائے۔ ماہرین کے مطابق کسی بھی قانون کے تحت مریضوں کیلئے ایسی ادویات کے استعمال کا کوئی جواز نہیں ہے۔