بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کے 90 کی دہائی جیسا دِکھنے والے سورج کمار نے کئی انٹرنیٹ صارفین کو الجھن میں ڈال دیا۔
1992ء میں فلم دیوانہ سے اپنے کیریئر کی شروعات کرنے والے شاہ رخ خان شروع میں کیسے دِکھتے تھے؟ اگر آپ نہیں جانتے تو سورج کمار نے آپ کی مشکل آسان کردی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق شاہ رخ جیسے نظر آنے والے سورج کمار کی ویڈیو اور تصاویر دیکھ کر کنگ خان کے مداح حیرت زدہ ہوگئے۔
ہوا کچھ یوں کہ کلکتہ میں پیدا ہونے اور جھارکھنڈ میں رہنے والے سورج کمار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ’چھوٹا شاہ رخ خان‘ کے عنوان سے ویڈیو شیئر کی۔
ویڈیو میں سورج کمار دہلی میں اپنی فیملی کے ساتھ موجود ہیں، انہوں نے ٹی شرٹ زیب تن کر رکھی ہے، کالا چشمہ لگا رکھا ہے جبکہ بالوں کا اسٹائل بالکل 90 کی دہائی کے شاہ رخ خان جیسا ہے۔
کلپ کو دیکھتے ہی کنگ خان کے مداحوں نے سورج کمار کی غیر معمولی مشابہت پر دلچسپ انداز میں تبصرے کیے۔
ایک مداح نے دل کے ایموجی کے ساتھ لکھا 90 کی دہائی کا شاہ رخ خان، دوسرے نے لکھا تم تو بالکل 90 کی دہائی کے شاہ رخ خان جیسے نظر آتے ہو۔
ایک اور شخص نے کہا کہ جب شاہ رخ فلمی دنیا میں آیا تھا بالکل ایسا ہی لگتا تھا، ایک اور مداح نے کہا کہ مجھے تو لگتا ہے یہ اصلی شاہ رخ کی زندگی کی پہلی ویڈیو ہے۔
ان دلچسپ تبصروں کے درمیان ایک مداح نے انہیں مشورہ دیا کہ انہیں فلم نگری میں ضرور قسمت آزمائی کرنی چاہیے۔
سورج کمار نے سوشل میڈیا پر اپنے دم پر 1 لاکھ 60 ہزار مداح جمع کیے ہیں، ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 1800 سے قریب ویڈیو اور تصاویر ہیں۔