کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی کمپنی بھارت میں ملٹری طیاروں کے انجن تیار کریگی، رپورٹ؛ بھارتی وزیر اعظم مودی کے امریکا کے سرکاری دورے کے دوران معاہدے پر دستخط کا امکان۔
بائیڈن انتظامیہ ایک معاہدے پر دستخط کرنے والی ہے جس سے جنرل الیکٹرک کمپنی کو بھارتی فوجی طیاروں کو طاقت دینے والے جیٹ انجن تیار کرنے کی اجازت مل جائے گی۔
بھارتی ویب سائٹ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق توقع ہے کہ انجنوں کی مشترکہ پیداوار کو حتمی شکل دینے والے ایک معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے اور اس کا اعلان ایسے وقت میں کیا جائے گا جب جو بائیڈن 22 جون کو وزیر اعظم نریندر مودی کے سرکاری دورے پر ان کی میزبانی کریں گے۔
وائٹ ہاؤس، جس نے جنوری میں کہا تھا کہ اسے بھارت میں مشترکہ طور پر انجن تیار کرنے کی درخواست موصول ہوئی ہے، نے کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ رپورٹ کے مطابق معاہدے کو حتمی شکل نہیں دی گئی ہے اور اس کے لیے امریکی کانگریس کو بھی نوٹیفکیشن درکار ہے۔
اس سال کے شروع میں امریکہ اور بھارت کے درمیان وسیع تر مشترکہ شراکت داری کا اعلان کیا گیا جس کا مقصد دونوں ممالک کی کمپنیوں کو خاص طور پر فوجی سازوسامان اور جدید ٹیکنالوجی پر تعاون کرنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔