کراچی ( رفیق مانگٹ ) میٹا کی ملکیت، مقبول سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’انسٹا گرام‘‘ کے حوالے امریکی محققین نے چونکا دینے والے انکشاف کیے ہیں۔
تحقیق میں یہ سامنے آیا کہ اس نے بچوں کے ساتھ بدفعلی کرنے والوں کے وسیع نیٹ ورک کی مدد کی، اور ان کے لیے ایسے رجحانات رکھنے والے عناصر تک پہنچنا آسان بنا دیا ہے۔
انسٹاگرام نے ان کے لیے غیر قانونی جنسی مواد اور سرگرمیاں حاصل کرنے کے دروازے بھی کھول دیے ہیں۔
پلیٹ فارم کے’’ الگورتھم‘‘ نےچائلڈ پورنوگرافی اورپیڈو فائلز کے وسیع نیٹ ورک سے جڑنے میں مدد کی ۔ بچوں کی جنسی مواد کی ویڈیوز کی قیمتیں اور جانوروں کے ساتھ جنسی حرکات کی تصاویر شامل ہیں ۔ میٹا کمپنی کا کہنا ہے کہ مسائل کو تسلیم کرتے ہیں، انہیں حل کرنے کے لیے ایک اندرونی ٹاسک فورس قائم کی ہے.
ترجمان کا کہنا ہے کہ بچوں کا استحصال خوفناک جرم ،گزشتہ دو سالوں میں 27 پیڈو فائل نیٹ ورکس ختم کئے۔ انسٹاگرام، جس کے ایک ارب تیس کروڑسے زیادہ صارفین ہیں، خاص طور پر نوعمروں میں مقبول ہے۔ یہ پلیٹ فارم پیڈو فائلز کا معاون ہے،بچوں کے جنسی مواد بیچنے والوں کو سفارشی نظاموں کے ذریعے ان کی رہنمائی کرتا ہے ،اس پر جنسی اکاؤنٹس ڈھٹائی سے کام کر رہے ہیں۔
یہ انکشافات امریکی اخباروال اسٹریٹ جرنل نےا سٹینفورڈ یونیورسٹی اور میساچوسٹس ایمہرسٹ یونیورسٹی کے محققین کی تحقیقات کے حوالے سے کیے ۔
محققین نے پایا کہ انسٹاگرام نے لوگوں کو جنسی مواد سے متعلقہ واضح ہیش ٹیگز تلاش کرنے کے قابل بنایا اور انہیں ایسے اکاؤنٹس سے منسلک کیا جو بچوں کے جنسی مواد کو فروخت کے لیے تشہیر کرنے کے لیے استعمال کرتے تھے۔ اس طرح کے اکاؤنٹس اکثر یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ وہ بچے خود چلا تے ہیں اور کھلے عام جنسی ہینڈلز کا استعمال کرتے ہیں ۔
محققین تسلیم کرتے ہیں کہ دیگر چھوٹے سماجی پلیٹ فارمز پر کچھ اسی طرح کی جنسی استحصالی سرگرمیاں موجود ہیں لیکن انسٹاگرام پر مسئلہ خاصا شدید ہے۔ خریداروں اور بیچنے والوں کے ان نیٹ ورکس کے لیے سب سے اہم پلیٹ فارم انسٹاگرام لگتا ہے ۔
تحقیق کے مطابق انسٹاگرام صرف ان سرگرمیوں کی میزبانی نہیں کرتا ہے ، اس کے الگورتھم انہیں فروغ دیتے ہیں،محققین نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انسٹاگرام میں استعمال ہونے والے’’آپ کے لیے تجویز کردہ‘‘ الگورتھم نےچائلڈ پورنوگرافی اورپیڈو فائلز کے وسیع نیٹ ورک سے جڑنے اور فروغ دینے میں مدد کی ۔
یاد رہے الگورتھم صارفین کے فیڈ میں پوسٹس کو وقت کی بجائے مطابقت کی بنیاد پر ترتیب دینے کا ایک طریقہ ہے۔ سوشل نیٹ ورک اس بات کو ترجیح دیتے ہیں کہ صارف اپنی فیڈ میں سب سے پہلے کون سا مواد دیکھتا ہے اس امکان کے ساتھ کہ وہ واقعی اسے دیکھنا چاہیں گے۔
تحقیق کے مطابق میٹا یونٹ نظام نے صارفین کو بچوں کے جنسی مواد کیلئے رہنمائی کی ہے ۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ اندرونی کنٹرول کو بہتر بنا رہی ہے۔
چائلڈ پورنوگرافی یاپیڈو فائلز کے لئے طویل عرصے سے انٹرنیٹ کا استعمال ہو رہا ہے، غیر قانونی جنسی مواد فروخت کرنے کی پیشکش کرنے والے انسٹاگرام اکاؤنٹس عام طور پر مواد کے’’مینو‘‘کو پوسٹ کرنے کے بجائے اسے کھلے عام شائع نہیں کرتے ہیں۔ کچھ اکاؤنٹس خریداروں کو مخصوص کارروائیوں کے لیے مدعو کرتے ہیں۔
اسٹینفورڈ انٹرنیٹ آبزرویٹری کے محققین نے پایا کہ کچھ مینو میں بچوں کی خود کو نقصان پہنچانے والی ویڈیوز کی قیمتیں اور جانوروں کے ساتھ جنسی حرکات کرنے والے نابالغ کی تصاویر شامل ہیں۔ صحیح قیمت پر، بچے ذاتی طور پرملاقات کے لیے دستیاب ہیں۔ کم عمری کے جنسی مواد کی تشہیر میٹا کے ساتھ ساتھ وفاقی قانون کے قائم کردہ قوانین کی خلاف ورزی کرتی ہے۔
میٹا نے ان مسائل کو تسلیم کیا اور کہا کہ انہیں حل کرنے کے لیے ایک اندرونی ٹاسک فورس قائم کی ہے۔
بچوں کا استحصال ایک خوفناک جرم ہے، میٹا نے کہا کہ اس نے پچھلے دو سالوں میں 27 پیڈو فائل نیٹ ورکس کو ختم کیا ہے اور مزید بھی ہٹا دیے جائیں گے۔
دوسری جانب ایسا لگتا ہے کہ یہ دھچکا میٹا کے کاروباری حریف اور ٹویٹر کے مالک کے لیے کافی اہم ہے کیونکہ انہوں نے اخبار کی رپورٹ اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی اور لکھا کہ یہ بہت پریشان کن ہے۔