• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس ،9سال سے انصاف کے منتظر ہیں، خرم نواز گنڈ اپور

لاہور(خصوصی رپورٹر)شہدائے ماڈل ٹاؤن کی 9ویں برسی کے موقع پر مرکزی سیکرٹریٹ پر قائم شہدائے ماڈل ٹاؤن کی یادگار پر سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے راہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سے اپیل ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کا کیس 9 سال سے انصاف کا منتظر ہے، چیف جسٹس سے جے آئی ٹی کا فیصلہ جلد کرنے کی استدعا ہے۔ فیئر تفتیش ہو گی تو کیس آگے بڑھے گا اور سانحہ کے حقیقی ذمہ داروں کا تعین ہوسکے گا۔ ۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ کمزوروں کو دہائیوں انصاف کے لئے ہاتھ پاؤں نہ مارنے پڑیں، امن اور خوشحالی وہاں ہوتی ہے جہاں انصاف ہوتا ہے۔ انصاف کے بغیر معاشرے جنگل ہوتے ہیں۔ عدالتیں اور میڈیا بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ اور ریاست کی مضبوطی کے بنیادی ادارے ہوتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے سیاست سے ریٹائرمنٹ لے لی ہے مگر انہوں نے قانون کی حکمرانی اور مصطفوی نظام سیاست کے لئے جو ویژن دیا ہے اس کے مطابق عوامی تحریک اپنا مثبت سیاسی کردار ادا کررہی ہے۔ہم تصادم کی سیاست کے قائل نہیں ہیں۔اپنا پرامن اور مثبت سیاسی کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی اور تعلیم و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر بات کرنا ہو گی ورنہ نئی نسل مستقبل سے بہت پریشان ہے اور برین ڈرین خوفناک حدوں کو چھورہا ہے۔ خرم نواز گنڈاپور نے راہنماؤں کے ہمراہ شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور بلندی درجات کے لئے دعا بھی کی۔ اس موقع پر بریگیڈیئر (ر)اقبال احمد خان،راجہ زاہد محمود،نوراللہ صدیقی،جواد حامد،نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، سردار عمر دراز خان،سہیل احمد رضا،شہزاد رسول،رانا وحید شہزاد،سردار غضنفر حسین ایڈووکیٹ، راجہ ندیم ودیگر موجود تھے۔دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے راہنماؤں نے خرم نواز گنڈا پور کی قیادت میں شہدائے ماڈل ٹاؤن کی قبروں پر حاضری دی،پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی،مرکزی راہنما شہدا کے ورثا کی رہائش گاہوں پر بھی گئے اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا،منہاج القرآن انٹرنیشنل کی مرکزی صدر ڈاکٹر غزالہ حسن قادری سینئر خواتین راہنماؤں کے ہمراہ تنزیلہ امجد شہید کی رہائش گاہ گئیں اور بسمہ امجد سے ملاقات کی اور ان کی والدہ تنزیلہ امجد اور پھوپھی شازیہ مرتضیٰ شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا،پاکستان عوامی تحریک کی ضلعی و تحصیل تنظیمات کی طرف سے شہر شہر دعائیہ تقاریب منعقد کی گئیں،قرآن خوانی کی مرکزی تقریب جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں ادا کی گئی جس میں بڑی تعداد میں کارکنان و عہدیداروں نے شرکت کی۔ شہداء کی قبروں پر انجینئر رفیق نجم،علامہ رانا محمد ادریس،راجہ زاہد محمود،رانا نفیس حسین قادری،پروفیسر ذوالفقار،چودھری سلطان محمود،سہیل احمد رضا،طیب ضیاء، طارق الطاف،حاجی امجد قادری،محسن اقبال نے حاضری دی ۔
لاہور سے مزید