نتھیا گلی(جنگ نیوز ، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان خطےمیں تناؤنہیں چاہتا، پاکستا ن دنیامیں خوش حالی اورامن کافروغ چاہتاہے، اپنے وسائل ملکی ترقی کے لئے خرچ کرنا چاہتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان اور سوئٹزرلینڈکےدرمیان قدرتی آفات سےنمٹنےکیلئے تعاون کی مفاہمتی یادداشت پردستخط کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطےمیں تناؤنہیں چاہتا، پاکستان دنیامیں خوشحالی اورامن کافروغ چاہتاہے، تعلیم،آئی ٹی اورخواتین کی تعلیم کےفروغ کے لیے پاکستان کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں کشیدگی اور جنگیں لڑنے میں اپنے وسائل ضائع کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے، کیونکہ ماضی میں اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا، بلکہ اپنے وسائل ملکی ترقی میں خرچ کرنا چاہتے ہیں، دوسرے فریق کو بھی یہی سوچ اپنانی چاہئے، لیکن مسئلہ کشمیر حل کیے بغیر خطے سمیت دنیا میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے دورہ پاکستان پر آئے سوئٹزرلینڈ کے وزیرخارجہ سمیت سوئس وفد کیساتھ بھی فرداً فرداً ملاقات کی اور انھیں خوش آمدید کہا، اس موقع پر ہونے والی ملاقاتیں انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئیں۔